الطاف انکل اپنے نامعلوم افراد کو سنبھال لیں ،بلاول بھٹو زرداری،18اکتوبر کو پارٹی جلسے میں کسی کارکن کو خراش بھی آئی تو متحدہ کواس کے سخت نتائج بھگتنے پڑیں گے ،چیئرمین پی پی پی

جمعرات 9 اکتوبر 2014 09:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الطاف انکل اپنے نامعلوم افراد کو سنبھال لیں اگر 18اکتوبر کو پارٹی کے جلسے میں کسی کارکن کو خراش بھی آئی تو متحدہ کواس کے سخت نتائج بھگتنے پڑیں گے ۔یہ بات انہوں نے کراچی میں بلاول ہاؤس میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء الطاف حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انکل الطاف آپ اپنے نامعلوم افراد کو سنبھال کر رکھیں، اگر 18 اکتوبر کو پیپلز پارٹی کے جلسے میں کسی بھی کارکن کو کچھ ہوا تو میں لندن میٹروپولیٹن پولیس کے پاس جاوٴں گااور لندن پولیس ہی کیا میں خود آپ کا جینا حرام کردوں گا۔بلاول بھٹو نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہے میں اکیلا ہوں یا ہزاروں لوگ میرے ہمراہ ہوں میں 18 اکتوبر کو مزارِ قائد پر جا رہا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کچھ قوتیں مجھے سیاست میں دیکھنا نہیں چاہتیں۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے جیالوں سے کہا کہ قربانی کا روایتی پیغام دینے نہیں آیا، کھلاڑی اپنے امپائر سے کہیں کہ اپنے اسٹرٹیجک اثاثوں کو لگام دیں۔انہوں نے وزیرداخلہ چوہدری نثار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان ومال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے اور یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو یکساں طور پر تحفظ فراہم کریں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ سابق کھلاڑی نے مشرف کا وزیراعظم بننے کے لیے اپنی شادی شہید کردی تھی اس کو قربانی نہیں کہا جاسکتا۔ وہ انگلی کٹوا کر شہیدوں کی فہرست میں نام نہیں درج کرواسکتے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ نوازشریف نے جمہوریت کے لیے بلی کا بچہ بھی قربان نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اگر سیاست سیکھنی ہے تو بھٹو سے سیکھیں خان صاحب سیاست کوئی کھیل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ”کچھ لوگ خاندانی سیاست کی رٹ لگاتے نہیں تھکتے، جبکہ پوری پیپلزپارٹی ایک خاندان ہے، لہٰذا خاندانی سیاست ہوتی رہے گی۔“بلاول بھٹو زرداری نے کہا بھٹو آج بھی عوام کی روح میں موجود ہے، آئندہ وزیراعظم بھی بھٹو ہی ہوگا۔