شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ، 10 افراد ہلاک، 48 گھنٹے کے دوران 4 ڈرون حملوں میں 23 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔پیر میل میں طالبان کمانڈر حبیب کے گھر پر ڈرون حملے میں 8 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو ئے ، علا قے میں امر یکی جا سو س طیا رو ں کی پروازیں جا ری، علا قہ مکینو ں میں خو ف وہرا س

جمعرات 9 اکتوبر 2014 09:40

شوال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اکتوبر۔2014ء)شمالی وزیرستان میں مسلسل تیسرے دن بھی دو ڈرون حملے کئے گئے جن میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ شوال میں 6 جبکہ دتہ خیل میں 4 افراد نشانہ بنے۔ 48 گھنٹے کے دوران 4 ڈرون حملوں میں 23 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تفصیلا ت کے مطا بق شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔ تین دن میں امریکی ڈرون طیاروں نے چار حملے کئے۔

دوپہر دو بجے امریکی طیاروں نے شوال کے علاقے کنڈغر میں کمانڈر مستقیم کے مرکز کو نشانہ بنایا اور اس پر دو میزائل فائر کئے۔ اس حملے میں 6 ہلاکتوں کے علاوہ گیارہ شدت پسند زخمی ہو گئے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس کے چار گھنٹے بعد دتہ خیل میں ایک مکان کو میزائلوں کا نشانہ بنایا گیا جس میں 4 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پیر کی رات 8 بجے شوال کے علاقے پیر میل میں طالبان کمانڈر حبیب کے گھر پر ڈرون حملہ کیا گیا جس میں 8 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے تھے۔ حملے کے وقت گھر میں اجلاس جاری تھا جس میں کافی افراد شریک تھے۔

اس سے پہلے اتوار کی رات بھی شوال کے علاقے کنڈغر میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک گھر پر دو میزائل فائر کئے۔ اس حملے میں شدت پسندوں کے اہم کمانڈر سمیت پانچ افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔

اس طرح گزشتہ تین دنوں میں 4 ڈرون حملوں میں 20 سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔ اس سال شمالی وزیرستان میں 10 ڈرون حملے ہو چکے ہیں جن میں اب تک 85 سے زیادہ شدت پسند ہلاک ہو چکے ہیں۔ رواں سال امریکا نے پہلا ڈرون حملہ 11 جون کو شمالی وزیرستان کے علاقے درگاہ منڈی میں کیا جس میں 16 افراد ہلاک ہوئے۔ 18 جون کو اسی علاقے میں دوسرا حملہ کیا گیا جس میں 6 افراد مارے گئے۔ 10 جولائی کو دتہ خیل کے علاقے میں ہونے والے ڈرون حملے میں 6 افراد مارے گئے۔ 16 اور 19 جولائی کو اسی علاقے میں ہونے والے حملے میں 22 افراد مارے گئے۔ 6 اگست کو دتہ خیل میں ہوئے حملے میں مزید 5 افراد مارے گئے۔ 24 ستمبر میں شمالی وزیرستان کے علاقے لورہاں منڈی میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔