کراچی،کچی شراب پینے سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 23ہوگئی

جمعرات 9 اکتوبر 2014 09:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9اکتوبر۔2014ء)کراچی میں گزشتہ رات کچی شراب پینے سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 23ہوگئی ہے جبکہ متعدد افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی ،کورنگی، شرافی گوٹھ اور دیگر علاقوں میں کچی شراب پینے سے گزشتہ روز سے اب تک 23افراد ہلاک جب کہ متعدد کی حالت غیر ہوگئی ہے جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں سے کچھ کے نام مجید ، امجد ،صابر، نور العین ہیں جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف ہسپتالوں میں اب بھی 5سے زائد افراد کی حالت نازک ہے۔آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کراچی میں کچی شراب سے ہونے والی ہلاکتوں کے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو کو کچی شراب فروخت کرنے والوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد شرافی گوٹھ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کچی شراب فروخت کرنے والے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔دوسری جانب جناح ہسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ کچی شراب پینے سے متاثر ہونے والے افراد کی ہسپتال آمد کا سلسلہ منگل کو شروع ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھی ہسپتال میں ایسے متعدد افراد زیرِ علاج ہیں جنھوں نے عید کے موقع پر غیرمعیاری طریقے سے کشید کردہ شراب پی اور ان میں سے پانچ کی حالت تشویش ناک ہے۔

ڈاکٹر سیمی نے بتایا کہ ہلاک شدگان اور متاثرین میں زیادہ تر نوجوان ہیں جن کا تعلق لانڈھی اور کورنگی کے علاقوں سے ہے۔یہ سندھ میں زہریلی شراب سے ہلاکتوں کا چند ہفتوں میں دوسرا واقعہ ہے۔عید سے ایک ہفتہ پہلے صوبے کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں ایسے ہی واقعے میں دو درجن کے قریب افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

متعلقہ عنوان :