خیبرپختونخواہ اور قبائلی علاقہ جات میں میں عید الاضحیٰ ادا کر دی گئی،بنوں میں آئی ڈی پیز کیمپ کے مکینوں نے بھی عید منائی ، وفاقی دارلحکومت سمیت ملک کے دیگر صوبوں اور آزادکشمیر میں عیدالاضحی آج منائی جارہی ہے ، دن کا آغاز مساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوگا ،نماز عید کی ادائیگی کے بعد قربانی کی جائے گی،سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات

پیر 6 اکتوبر 2014 07:26

اسلام آباد،لاہور،کراچی ،کوئٹہ پشاور،مظفر آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اکتوبر۔2014ء) خیبرپختونخواہ اور قبائلی علاقہ جات میں اتوار کو عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی اور سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی ،ترقی اور امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ ملک کے دیگر تین صوبوں اور آزادکشمیر بھر میں آج عید الاضحی منائی جارہی ہے،امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں امسال تین عیدیں منائی گئی ہیں ،ہفتہ کے روز پشاور سمیت صوبہ بھر اور قبائلی علاقہ جات میں مقیم افغان مہاجر ین نے عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی تھی اور قربانی کی گئی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ۔اتوار کے روز خیبرپختونخواہ اور قبائلی علاقہ جات میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی،

محکمہ اوقاف کے ماتحت مساجد میں نماز عید ادا کی گئی اور ملکی سلامتی ،ترقی و استحکام،خوشحالی، امن و امان اور شہداء کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔

بنوں میں آئی ڈی پیز کیمپ میں مقیم شمالی وزیر ستان میں آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے بے گھر افراد نے بھی نماز عید الاضحیٰ ادا کی اور بعد میں قربانی بھی کی۔ نماز عید اور قربانی کے دوران علاقہ مکینوں کا جوش و خروش دیدنی تھا ، ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں یہ مبارک دن دیکھنا نصیب کیا ہے ، ان کی کوشش ہو گی کہ اس خوشی میں ملک کے تمام لوگ شریک ہوں اور آپس کے اختلافات ختم کر کے ملک و قوم کی ترقی اور کامیابی کیلئے کوشش کریں۔

دوسری جانب وفاقی دارلحکومت سمیت ملک کے دیگر صوبوں اور آزادکشمیر میں عیدالاضحی آج پیر کو منائی جارہی ہے ۔دن کا آغاز مساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوگا اور نماز عید کی ادائیگی کے بعد قربانی کی جائے گی ۔اس موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سیکو رٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینا ت کردی گئی ہے جبکہ ہسپتالوں میں بھی ہنگامی اقدامات کئے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :