چودھری شجاعت، پرویزالٰہی کی ظہرانہ میں آصف زرداری سے ملاقات ،حکمرانوں نے بالآخر جانا ہے، بحران جلد حل ہو گا، موجودہ صورتحال پر آصف علی زرداری بھی پوری قوم کی طرح فکرمند ہیں، پیپلزپارٹی اور عوامی تحریک میں غلط فہمیاں ایک دو دن میں دور ہو جائینگی ،حمزہ شہباز اب بچے نہیں رہے غلط تربیت کرنے والے انکے بڑے بھی یاد رکھیں کہ ہم بہت کچھ میڈیا میں لا سکتے ہیں ،پاکستان کیلئے ہر قربانی کا عہد کیا جائے، سیلاب زدگان اور آئی ڈی پیز کو نہ بھولیں، گفتگو

پیر 6 اکتوبر 2014 07:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اکتوبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عوام پریشان نہ ہوں، موجودہ حکمرانوں نے انشاء اللہ جانا ہی ہے، ملک میں موجود بحران ختم ہو جائے گا اور جلد ہی تمام مسائل کا کوئی حل نکل آئے گا، پاکستان کی سیاسی و اقتصادی صورتحال پر آصف علی زرداری بہت فکرمند ہیں جیسا کہ پاکستان کے صنعتکاروں، تاجروں، محنت کشوں، کسانوں، ڈاکٹروں اور اساتذہ سمیت ہر طبقہ پریشانی میں مبتلا ہے، ہم بھی چاہتے ہیں کہ حالات بہتر ہوں، حمزہ شہباز کے منہ میں غلط باتیں ڈال کر غلط تربیت کرنے والے ان کے بڑے بھی یاد رکھیں کہ ہم بہت کچھ میڈیا کے سامنے لا سکتے ہیں، عیدالاضحی ہم متاثرین سیلاب کے ساتھ منائیں گے اور وہیں قربانی کر کے گوشت تقسیم کریں گے جس کے بعد چودھری شجاعت حسین ڈاکٹر طاہرالقادری کے ہمراہ دھرنے میں عید منائیں گے۔

(جاری ہے)

وہ سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کے ظہرانہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ بلاول ہاؤس میں میزبان نے دونوں رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کیا اور گلے ملے، پرتکلف دعوت اور اس میں شرکت پر انہوں نے ایک دوسرے کا شکریہ ادا کیا۔ مسلم لیگی قائدین نے مختلف سوالات کے جوابات میں کہا کہ ملاقات کے دوران سیاسی و اقتصادی صورتحال سمیت بہت سے معاملات پر بات ہوئی۔

پاکستان عوامی تحریک اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے حالیہ تلخ بیانات کے بارے انہوں نے کہا کہ ایک دو دن میں غلط فہمی دور ہو جائے گی اور مثبت پیشرفت سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کوئی بھی طبقہ خوش نہیں ہے۔ حمزہ شہباز شریف کے حالیہ بیان پر انہوں نے کہا کہ حمزہ کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں، یاد رکھیں کہ وہ اب بچے نہیں رہے، ہم کچھ کہنا نہیں چاہتے ان سب کو خود پتہ ہے کہ جنرل پرویزمشرف کے دور میں ان کی شوگر ملیں اور کاروبار کس طرح چلتے رہے، وہ کہاں ملتے تھے اور کس کے ہاتھ پیغام بھجواتے تھے۔

دریں اثناء مسلم لیگی قائدین نے پوری قوم کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم ان حالات میں عید منا رہے ہیں جب ہمارے بہت سے بہن، بھائی، بچے اور بزرگ حکومتی نااہلی کے وجہ سے سیلاب کے باعث گوناگوں مشکلات کا شکار ہیں، ہمیں چاہئے کہ انہیں نہ بھولیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عید ہمیں اللہ کریم کے احکام کی تعمیل میں بڑی سے بڑی یعنی اپنے لخت جگر کی قربانی کا بھی درس دیتی ہے، ہمیں چاہئے کہ آج ہم پاکستان کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کا عہد کریں۔ ہم اپنے آئی ڈی پیز کو بھی یاد رکھیں جو پوری قوم کے مہمان ہیں۔