کاش دھرنے اور رقص و سرور کی محفلیں چھوڑ کر سیلاب زدگان کی امداد کرتے مگر انہوں نے یہ موقع کھو دیا ہے‘شہباز شریف ،میں نے عمران خان اور قادری سے اپیل کی تھی وہ دھرنے چھوڑ کر آئیں اور سیلاب زدگان کی امداد کریں ، دھرنے اور احتجاج بعد میں کرلیں مگر انہوں نے میری بات نہ مانیں اس کی وجہ سے چین کے صدر کا دورہ پاکستان منسوخ ہوا، دھرنوں کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو نقصان پہنچا،سیلاب زدگان کی امداد کا پہلہ مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور بیس تاریخ کو دوسرا مرحلہ شروع ہوگا،امداد میں پچاس فیصد وفاق اور پچاس فیصد صوبہ امداد کررہا ہے،سپورٹس کمپلیکس ملتان میں سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت

اتوار 5 اکتوبر 2014 10:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے والوں کے بارے میں پہلے بھی کہا تھا آج پھر کہہ رہا ہوں کاش دھرنے اور رقص و سرور کی محفلیں چھوڑ کر سیلاب زدگان کی امداد کرتے مگر انہوں نے یہ موقع کھو دیا ہے‘ یہ بات انہوں نے ہفتہ کی شام سپورٹس کمپلیکس ملتان میں سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں نے عمران خان اور قادری سے اپیل کی تھی کہ وہ دھرنے چھوڑ کر آئیں اور سیلاب زدگان کی امداد کریں ۔ دھرنے اور احتجاج بعد میں کرلیں مگر انہوں نے میری بات نہ مانیں اس کی وجہ سے چین کے صدر کا دورہ پاکستان منسوخ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے اس دورے میں بجلی کے منصوبوں کے معاہدے ہونے تھے اور بیس ارب ڈالر کی انوسٹمنٹ ہونی تھی۔

(جاری ہے)

جو چینی صدر کا دورہ منسوخ ہونے کی وجہ سے نہ ہوسکی ان دھرنوں والوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا اور چین کے صدر نے انڈیا جاکر معاہدے کئے یہ ان کا حق تھا انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں کو عمر بھر چینی صدر کے دورہ کے منسوخ ہونے سے ہونے والے نقصان پر شرمندگی ہوگی اور قوم کو جواب دینا پڑے گا۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مظفر گڑھ کا دورہ کرکے آرہا ہوں وہاں سیلاب زدگان نے امدادی رقوم شفاف طریقے سے تقسیم کی جارہی ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ جو حق دار ہیں ان کو حق ملے اور کوئی غیر متعلقہ شخص ان سیلاب زدگان کی امداد نہ لے جائیں اس سلسلے میں نادرا ‘ بینک آف پنجاب ‘ پی ڈی ایم اے ‘ سیکرٹریز اور پنجاب کے تمام سولہ اضلاع کی انتظامیہ سیلاب زدگان میں شفاف طریقے سے امداد تقسیم کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کی انتظامیہ بھی شفاف اور ٹرانسپرنٹ طریقے سے امداد تقسیم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں انتظامیہ کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ بھرپور انداز میں اصل سیلاب زدگان میں امداد تقسیم کریں انہوں نے کہا کہ میں لاہور جارہا ہوں اور وہاں فلڈ کمیٹی کا اجلاس کروں گا اور سیلاب زدگان کی امداد کیلئے ہدایات جاری کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں مظفر گڑھ آرہا ہوں وہاں بھی سیلاب زدگان میں امداد شفاف تقسیم ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کا پہلہ مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور بیس تاریخ کو دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔

اس سلسلے میں پنجاب بھر کے سولہ اضلاع میں جہاں جہاں سیلاب آیا ہے تفصیل سے سروے کیا جائے گا۔ اور حق دار سیلاب متاثرین کو ان کا حق ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کی تباہی کا بھی تخمینہ لگایا جائے گا اور سیلاب میں غریب مزدوروں جو محنت کش ہیں ان کا نقصان بھی پورا کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت سے انقلاب آئے ہیں روس میں بھی انقلاب آیا تھا مگر ہمارا انقلاب سیلاب زدگان کی امداد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے ریٹائرڈ ججوں کو سیلاب زدگان کی مانیٹرنگ کیلئے ایک کمیٹی قائم کردی ہے جس میں ریٹائرڈ جج اور بیورو کریٹس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا اور یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اقدام ہے کہ سیلاب زدگان کو بلا تخفیف کہ وہ کس سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں ان کی امداد کی انتظامات کئے گئے ہیں اور تاریخ میں پہلی مرتبہ سیلاب زدگان فراہم کیا جارہا ہے اور کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں ہونے دیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اعلان کے مطابق سیلاب زدگان کی امداد میں پچاس فیصد وفاق اور پچاس فیصد صوبہ امداد کررہا ہے۔

علاوہ ازیں جہاں جہاں سیلاب سے پل ٹوٹے ہیں سڑکیں ٹوٹی ہیں ان کو مرمت کیا جارہا ہے۔ اور جہاں امداد کی ضرورت ہوگی وزیراعظم سے امداد لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کام سیلاب زدگان کی امداد کرنا ہے سیلاب زدگان کی امداد پر سیاست کرنا نہیں بلکہ ہم اس کو عبادت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا مخیر حضرات بھی اس کار خیر میں امداد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ہماری ضرورت ہوگی ہم پہنچیں گے اور ان کی مکمل امداد کریں گے۔