پارلیمنٹ اور تمام سیا سی جماعتوں کی حمایت کے باوجود نواز شریف سخت پریشان ہیں،سراج الحق ،دھرنوں نے پورے ملک کو جام کررکھا ہے ،مزدور کام نہ ملنے کی وجہ سے ہاتھ پر ہاتھ دھرے حالات کا رونا رو رہے ہیں ،اجتماع سے خطاب

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 10:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اکتوبر۔2014ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور تمام سیا سی جماعتوں کی حمایت کے باوجود نواز شریف سخت پریشان ہیں۔دھرنوں نے پورے ملک کو جام کررکھا ہے ۔مزدور کام نہ ملنے کی وجہ سے ہاتھ پر ہاتھ دھرے حالات کا رونا رو رہے ہیں ۔ہم نے اللہ تعالیٰ کے احکامات کی بجا آوری اور ملک و ملت کے مفادکی خاطر فریقین میں صلح کرانے کی بھرپور کوشش کی ہے ۔

اب عوامی خدمت کا ایجنڈا بہت پیچھے رہ گیا ہے اور مفادات کی جنگ جاری ہے ،یہ جنگ تندور کی آگ سے زیادہ خطرناک ہے ،اسی آگ کی وجہ سے بنگلہ دیش بنا اور پاکستان ٹوٹا تھا۔سیاسی زعماء اور علماء کرام منبر محراب سے قومی اتحاد اور یکجہتی کی بات کریں ۔پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں ۔

(جاری ہے)

مستحکم پاکستان کیلئے پر امن افغانستان ضروری ہے ،افغانستان گزشتہ چالیس سال سے جنگ و جدل اور بدامنی کا شکار ہے ،ملک میں قیام امن اور اتحاد و اتفاق کیلئے افغان صدر اشرف غنی ملا عمر اور حکمت یار سے مذاکرات کریں ۔

جماعت اسلامی 21نومبر کو مینار پاکستان سے تحریک تکمیل پاکستان کا آغاز کرے گی ۔پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کیلئے لاکھوں عوام ایک بار پھر تحریک پاکستان کے جذبے سے مینار پاکستان پر جمع ہونگے ۔اسلامی پاکستان دنیا بھر کے مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز بنے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور دھرنے والوں کے درمیان مصالحت کیلئے سیاسی جرگہ کو سخت ترین آزمائش سے گزرنا پڑا ہے۔ہم ساری سار ی رات جاگ کر ملک و قوم کو اس پریشانی سے نکالنے کی پلاننگ کرتے رہے ہیں ،سیاسی بحران کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں تماشا بن چکا ہے ،ہم نے فریقین کو جو تجاویز دی ہیں ان میں دونوں فریقوں کا بھلا ہے ،اب صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ لوگوں کے اندر ایک مایوسی کی کیفیت ہے مگر ہم اب بھی پر امید ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد اس بحران کا حل نکلے ۔

انہوں نے کہا کہ بحران نے پورے ملک کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے ،تعلیم، صحت اور روزگار تمام شعبوں میں ایک مایوسی اور بددلی کی کیفیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نومبر میں کراچی سے چترال اور پشاور سے درہ خیبر تک کے عوام کو مینار پاکستان کے سبزہ زار میں جمع کرے گی اور تحریک پاکستان کے جذبہ سے پاکستان کو اسلامی پاکستان بنائے گی ۔انہوں نے کہا کہ مستحکم پاکستان کیلئے اس کو اسی اساس پر چلانے کی ضرورت ہے جس پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح چلانا چاہتے تھے ۔