طاہرالقادری کا پاکستان عوامی تحریک کو سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کا با ضابطہ اعلان،آئندہ ہر سطح کے الیکشن میں حصہ لیں گے، 12 اکتوبر کو فیصل آباد 19 کو مینار پاکستان لاہور میں انقلاب جلسے ہوں گے،منشور مظلوم ظالم سے ٹکرائے گا ،روٹی،کپڑا،مکان،تعلیم ،علاج،روزگار اور انصاف ہر شخص کو دلائیں گے ،آئندہ ہر سطح کے الیکشن میں حصہ لیں گے ،آنے والے وقت کسی اور کے اوپر نہیں چھوڑ سکتے،پارلیمنٹ میں آ کر اسکا تقدس بحال اور ظلم کا نظام بدلیں گے،موجودہ نظام سے سمجھوتہ نہیں کر سکتے،چاروں صوبوں میں انقلاب جلسے ہوں گے،دھرنے کے شرکاء انقلاب کا پیغام گھر گھر پہنچائیں،انقلاب دھرنے کے شرکاء سے خطاب

جمعہ 3 اکتوبر 2014 08:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اکتوبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کو سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کا با ضابطہ اعلان کرتا ہوں ۔12 اکتوبر کو فیصلہ آباد 19 اکتوبر کو مینار پاکستان لاہور میں انقلاب جلسے ہوں گے ۔ منشور مظلوم ظالم سے ٹکرائے گا ،روٹی،کپڑا،مکان،تعلیم ،علاج،روزگار اور انصاف ہر شخص کو دلائیں گے ۔

آئیندہ ہر سطح کے الیکشن میں حصہ لیں گے ۔آنے والے وقت کسی اور کے اوپر نہیں چھوڑ سکتے۔پارلیمنٹ میں آ کر اسکا تقدس بحال اور ظلم کا نظام بدلیں گے ۔موجودہ نظام سے سمجھوتہ نہیں کر سکتے ۔چاروں صوبوں میں انقلاب جلسے ہوں گے ۔دھرنے کے شرکاء انقلاب کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقلاب دھرنے میں شریک افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

پاکستان عوامی تحریک کو سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کے اعلان پر دھرنے کے شرکاء نے کھڑے ہو کر خیر مقدم کیا اور پر جوش نعرے لگائے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک کو سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے کا سہرا سانحہ ماڈل ٹاؤن،اسلام آباد کے شہدا اور دھرنے کے شرکاء کو جاتا ہے ۔اگلا قدم عوامی تحریک کو ملک کی مقبول ترین سیاسی انقلابی جماعت میں تبدیل کرنا ہے ۔

کسانوں،ہاریوں کو زمینوں کے مالکانہ حقوق دے کر بجھے ہوئے چہروں پر خوشیاں لائیں گے ۔وسائل کی منصفانہ تقسیم سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے ۔خواتین کے خلاف امتیازی رویوں کا خاتمہ اورانہیں گھر کے اندر روزگار دیں گے۔پڑھے،لکے نوجوانوں کو روزگار اور بیروزگاری الاؤنس دیں گے ۔ملک کی تقدیر چند ہاتھوں میں نہیں ہر فرد کے ہاتھ میں ہو گی ۔الیکشن کمیشن لولا،لنگڑا،اندھا،گونگا اور بہرہ ہے ۔

الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اراکین پارلیمنٹ کے گوشوارے ویب سائٹ پر رکھے ۔اس وقت ملک میں جس کی لاٹھی اسکی بھینس والا قانون رائج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کا مقصد ہی یہ تھا کہ”دونوں “ گھر اہم فیصلے مل کر کریں تا کہ کوئی انکا بال بیکا نہ کر سکے ۔حکمران اربوں ڈالر کے قرضے لے کر قوم کا بال بال قرضوں میں جکڑ رہے ہیں ۔

ہر تین ماہ بعد مقامی بینکوں سے 100ارب کے لگ بھک قرضہ لیا جا رہا ہے ۔جس سے پارلیمنٹ لا تعلق اور اپوزیشن خاموش ہے ۔ٹریثرری بلز کی فروخت کی آڑ میں حکمران کھربوں روپے کے بوجھ تلے قوم کو دبا رہے ہیں ۔موجودہ حکمران عیاشی کر کے چلے جائیں گے یہ بھاری قرضہ آنے والے حکمرانوں کو ادا کرنا پڑیگا اور یقینا عوام پر بھاری ٹیکس لگا کر اور بجلی گیس مہنگا کر کے وصول کیا جائے گا ۔

قومی پالیسیاں ایماندار اور اہل قیادت بناتی ہے مگر یہاں نہ ایمانداری ہے نا اہلیت ملک کو ٹھیکے داروں کے ذریعے برباد کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی تین ماہ کے مختصر عرصے میں 55ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھارت لائے۔موجودہ حکمران بتائیں ڈیڑھ سال میں وہ کتنی سرمایہ کاری لے کر آئے ۔بھارتی وزیر اعظم کا نعرہ ہے ”ہر شے انڈیا میں بناؤ“ جبکہ ہمارے ہر حکمران کا ایک ہی نعرہ رہا ”لٹو تے پھٹو“ ۔

ادھرپاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے کارکن دنیا کی کسی بھی فوج سے زیادہ طاقتور ہیں لیکن فرق یہ ہے کہ یہ مسلح نہیں ہیں ،انہوں نے اپنے جزبوں،اپنی وفاکی طاقت سے ریاستی جبر کامقابلہ کیا جس کا دنیاکی کوئی قوم نہ پیش کر سکی نہ پیش کرسکے گی۔ہم اس انقلاب مارچ کو آج 50دن کے بعد اس کو دھرناتحریک میں بدل دیں گے ، اور گلی کوچوں تک انقلاب کی آواز پہنچائیں گے ، اس جبر،ظلم ا ورتشدد کو ختم کرنے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔

اوریہ تحریک قریہ قریہ نگرنگر جائے گی ۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوامی انقلاب کے سلسلہ میں2عظیم الشان جلسوں کا اعلان کرتاہوں۔پہلا جلسہ فیصل آبادمیں ہوگا۔یہ جلسہ انشا ء اللہ بکراعید کے بعد12اکتوبر بروزاتوارکو فیصل آباد میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں فیصل آبادکی عوام،تاجر،علماء،مزدوروں،کسانوں جوانوں ،بیٹوں،بیٹیوں اوراس ملک میں انقلاب کا انتظارکرنے والوں کو بتارہاہوں کے میں12اکتوبرکوتمہارے پاس آرہاہوں۔

اس عوامی انقلاب کے استقبال کیلئے ریلیاں نکالیں۔میں نے اس انقلاب کیلئے افتتاح کاتاج فیصل آباد کے سرپررکھا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں کو میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میں پہلاجلسہ شہرلاہورمیں بھی کرسکتاتھا لیکن فیصل آباد میراوہ شہر ہے جہاں میں 2سال تعلیم حاصل کی۔جہاں میں نے جھنگ سے فیصل آباد کا72ہزارمیل کا فاصلہ طے کیاتھا۔

فیصل آباد میراشہرہے میں نے فیصل آبادمیں زندگی کا ایک حصہ گزاراہے۔فیصل آباد پنجاب کادل ہے۔فیصل آباد والوں کو بتارہاہوں کہ میں تمہارامہمان بن کر پہلہ جلسہ تمہارے پاس کرنے آرہاہوں اب تمہاراامتحان ہے دیکھتے ہیں کہ کراچی سے لیکر پشاور تک تم اٹھا کروڑ عوام کو اکٹھا کرنا ہوگا،مزدورنکلیں،وکلاء نکلیں کو طبقہ گھرنہ بیٹھے۔کارکنان بکر عیدکی صرف ایک ڈش کھائیں اورپھر گھرگھر پھر کر انقلاب کے پہلے جلسے کے استقبال کی تیاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ دوسراجلسہ19اکتوبر کو مینارپاکستان لاہور پرہوگا فیصل آباد والوں دیکھو میں نے مینارپاکستان کاجلسہ تمہارے بعد رکھا ہے، فیصل آباد کے بعد دوسرا دمادم مست قلندر بجلی دینے والاعوام کو انقلاب کاکرنٹ دینے کا جلسہ ثابت ہوگا ۔لاہوریو 19اکتوبرکیلئے تیارہوجاؤ23دسمبر کی یاد تازہ کردو،دنیادنگ رہ جائے مینارپاکستان کی حدود تنگ پڑ جائیں باہرکی سڑکیں بھی بندہوں ۔

مینار پاکستان پر آئندہ جلسوں کااعلان کریں گے۔2،2جلسوں کااعلان کرتاجاؤں گا۔فیصل آباداورلاہوروالوں ان ماؤں،بہنوں بیٹیوں بزرگوں کاصلہ دو،ماڈل ٹاؤن کے شہداء ،اسلام آباد کے شہیدوں کے خون کاصلہ دو،دنیا کے سب سے بڑھے دھرنے کاصلہ دو،لاہورکاجلسہ ایساکردوکہ پوراپاکستان اورہل جائے، اورپھر ہم جدھر جائیں انقلابی پاکستانیوں کاسمندرہو۔پتہ چلے کہ پوراپاکستان انقلاب کو ownکرچکاہے ۔اورمیں امیدکرتاہوں کہ پنجاب حکومت قانونی استحقاق کے تحت پاکستان عوامی تحریک کوجلسہ کرنے کا پوراحق دے گی ۔میں امیدکرتاہوں کہEqual Plane Fieldملے گی۔جب ہماری طرف سے کوئی تشددنہیں ہے تو سامنے سے بھی نہیں ہوگا۔