پشاور اور گلگت میں مسافر گاڑیوں میں دھماکے،10افراد جاں بحق،متعدد افراد زخمی

جمعہ 3 اکتوبر 2014 08:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اکتوبر۔2014ء)پشاور کے نواحی علاقہ بازید خیل میں مسافر کوچ میں دھماکے سے ایف سی اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔دھماکے میں پانچ کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بدقسمت ہائی ایس بڈھ بیر سے پشاور کی جانب آرہی تھی ، سیفن چوکی کے قریب اس میں اچانک دھماکہ ہو گیا۔ دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

مقامی لوگوں اور امدادی ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں،ہائی ایس میں موجود متعدد لوگ جھلس گئے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں ایف سی کے ایک اہلکار سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں ایک نوعمر بچہ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

دھماکے کے ایک گھنٹے بعد بھی بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکے ، دھماکے کی نوعیت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ بی ڈی یو کے مطابق دھماکہ پانچ کلو گرام وزنی بم پھٹنے سے ہوا۔ادھرشاہراہ قراقرم پر واقع عالم پل پر وین میں دھماکے سے3افراد جاں بحق،متعدد زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر وین شاہراہ قراقرم پر جا رہی تھی کہ عالم پل پر گاڑی میں زوردار دھماکہ ہوگیا جس کے باعث گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار3افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے،دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔

متعلقہ عنوان :