18اکتوبر کے جلسے میں بلاول، نواز شریف کو جھنڈی دکھادیں گے‘شاہ محمودقریشی ،ملک دستور کی وجہ سے متحدہے ،دستور کے مطابق چلو گے تو ساتھ چلیں گے ، اگر کسی نے اسے توڑنے کے کوشش کی تو کوئی ساتھ نہیں دے گا‘صدرسپریم کورٹ بار

جمعرات 2 اکتوبر 2014 09:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2014ء)لاہورہائی کورٹ بار کے تحت آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب میں سپریم کورٹ بار کے صدر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ یہ ملک دستور کی وجہ سے متحدہے ،دستور کے مطابق چلو گے تو ساتھ چلیں گے ، اگر کسی نے اسے توڑنے کے کوشش کی تو کوئی ساتھ نہیں دے گا۔تحریک انصاف کے چیئرمین شاہ محمود قریشی نے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مقصد جمہوریت کو ڈی ریل کرنا نہیں، ان کی جماعت آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

کانفرنس میں پیپلزپارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ ملک میں ہمیشہ سے زیادہ اتحادکی ضرورت ہے، دشمنوں کی نظریں ملک کے جوہری اثاثوں پر ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجا ظفر الحق ہائیکورٹ بار کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ملکی سیاسی جماعتوں کواکٹھا کیاہے، الیکشن وہ لڑتا ہے جو پیسے والا ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک آدمی اٹھتا ہے دوسرے کی پگڑی اچھالتاہے اورسمجھتاہے کہ یہ اس کا حق ہے،قائداعظم نے اتنی بڑی جنگ لڑی لیکن کبھی دشمن کے بارے میں نازیبا الفاظ نہیں کہے،سیاستدان ایک ایک سیٹ کیلیے لڑتے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بار غیرسیاسی ضرورہے لیکن لاتعلق نہیں ہے،پاکستان میں پیسے کی سیاست ہے،پاکستان میں موروثی سیاست ہے،بڑے بڑے خاندان پاکستان کی سیاست میں ہیں،98 فیصد پاکستانی شہری پارلیمنٹ کا حصہ ہو ہی نہیں پاتے۔

دریں اثناء صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کی جماعت صاف و شفاف الیکشن کی راہ ہموار کرنے کا مطالبہ کررہی ہے، ان کا مقصد حکومت گرانا نہیں ہے‘پی ٹی آئی وزیراعظم کو یہ مشورہ دے چکی ہے کہ وہ خود مستعفی ہوکر اپنی ہی جماعت کے کسی اورفرد کو وزیراعظم نامزد کریں اور اس کے بعد تحقیقات کرائیں ، تحریک انصاف کے مو قف کی حمایت خود پیپلز پارٹی بھی یہ کہہ کرکرچکی ہے کہ یہ آر اوز کے الیکشن تھے۔

انہوں نے کہاکہ ان کی جماعت جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کررہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سب کا دل عید گھر میں منانے کو چاہتاہے، اتنے دنوں تک لوگوں کو اکٹھے رکھنا آسان کام نہیں ہے، لیکن مقصد پورا نہ ہوا تو عمران خان اور کارکن عید ڈی چوک پر منائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی حد تک سکڑ کر رہ گئی ہے اور مفاہمت کی پالیسی کے مقابلے میں دوسرا گروپ بھی بن گیا ہے۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ 18اکتوبر کے جلسے میں بلاول، نواز شریف کو جھنڈی دکھادیں گے۔

متعلقہ عنوان :