عمران خان اینٹی چین تعلقات کی مہم چلا رہے ہیں،ان کی منفی سیاست کے باوجود پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، احسن اقبال،دھرنے والے اپنی سیاست کی خاطر اہل اسلام آباد کی عید خراب نہ کریں،میڈیا کے ذریعے طوفان بدتمیزی کو بند کیا جائے، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 2 اکتوبر 2014 09:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2014ء)وفاقی وزیرترقی وبہبود آبادی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان اینٹی چین تعلقات کی مہم چلا رہے ہیں،ان کی منفی سیاست کے باوجود پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے،دھرنے والے اپنی سیاست کی خاطر اہل اسلام آباد کی عید خراب نہ کریں،میڈیا کے ذریعے طوفان بدتمیزی کو بند کیا جائے۔بدھ کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں حب الوطنی کا ٹھیکہ صرف عمران خان کے پاس ہے اور دیانتداری اور سچائی کے جملہ حقوق بھی عمران خان کے پاس ہیں،عمران خان روزانہ الزام تراشی کرکے افراد اور اداروں کی پگڑی اچھال رہے ہیں اور عوام کو گمران کر رہے ہیں،عمران خان نے آئی بی کے سربراہ آفتاب سلطان کی کردار کشی کی ہے،آفتاب سلطان ایک باکردار اور اعلیٰ اخلاق کے مالک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دھرنے والے سمجھتے ہیں کہ ان کے سوا سب بدعنوان ہیں،میڈیا کے ذریعے اس طوفان بدتمیزی کو بند کیا جائے،عمران خان حقائق کے خلاف بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اقتصادی راہداری میں خلل ڈالنے کیلئے استعمال کیا گیا وہ غیر ملکی قرضوں کے حوالے سے قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھولے عمران خان بتائیں خیبرپختونخوا میں ان کی حکومت ہے جو یورپی یونین سے آج بھی امداد وصول کر رہی ہے اور کروڑوں ڈالر کے قرضوں کے منصوبوں پر عمل کر رہی ہے،ان کی اپنی صوبائی حکومت بھی قرضوں میں حصہ دارہے وہ پہلے خیبرپختونخوا میں غیرملکی امداد کو بند کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پورے ملک میں دھاندلی اور کرپشن کی بات کرتے ہیں اور ان کی ناک کے نیچے ان کی اپنی پارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم پر کرپشن اور دھاندلی ہوئی وہ اس کی بھی تحقیقات کرائیں اور بتائیں انہوں نے کیا ایکشن لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں یکساں نظام تعلیم کیلئے اقدامات اٹھائے کیا وہ ہزاروں مدارس کو مین سٹیریم میں لے آئے ہیں،خیبرپختونخوا میں2000 مدرسوں،6000پرائیویٹ اور35000 سرکاری سکولوں کے لئے فنڈ اکٹھا کیا جارہا ہے،وہ اپنے گھر میں کرپشن کو جائز سمجھتے ہیں اور قابو نہیں پاسکتے اور پورے ملک کا سودا بیچ رہے ہیں اور کرپشن کے خاتمے کی بات کرتے ہیں،عمران خان نے خیبرپختونخوا میں بچوں کو سائنس اور غریبوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کیلئے کیا اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نو عمر بچوں کے ذہنوں کو آلودہ کر رہے ہیں اور ان کی الزام تراشیوں کی منفی سیاست سے بچوں کے ذہنوں پر برا اثر پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا،عمران خان اینٹی چین تعلقات کی مہم چلا رہے ہیں ،ان کی وجہ سے چین کے صدر کادورہ ملتوی ہوا اور انہوں نے سرمایہ کاری کے خلاف جو کیا قوم انہیں معاف نہیں کرے گی،عمران خان نے چین کی34 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش کو قرضہ کہہ کر قوم کو گمراہ کیا اور بدگمانیاں پیدا کیں،ان کی ہم دوستی کے جذبے کو خراب کرنے کیلئے ہے عمران خان جو بھی کریں چین کے ساتھ توانائی،گوادر اور دیگر منصوبوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور نہ کسی کو کھیلنے کی اجازت دیں گے،ان کی منفی سیاست کے باوجود پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا تاثر تھا کہ تحریک انصاف نظام میں ہے وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے گی اور عوامی تحریک کی طرف سے انتشار اور انتہا پسندی کا مظاہرہ ہوگا لیکن تحریک انصاف کا رویہ غیر جمہوری اور انتہا پسند ہوتا جارہا ہے جبکہ عوامی تحریک کے طرز عمل میں ٹھہراؤ ہے۔انہوں نے کہا کہ دھرنے والے اپنی سیاست کی خاطر اسلام آباد کے لوگوں کی عید خراب نہ کریں اور مذاکرات کی میز پر آئیں اور لوگوں کو اجازت دیں کہ وہ اپنے گھروں میں جاکر عید کی خوشیاں منائیں۔