حریت راہنماؤں کیساتھ ملاقات سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا‘ سرتاج عزیز،بھارت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو پاکستان بات چیت کیلئے تیار ہے‘ بیان

جمعرات 2 اکتوبر 2014 09:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2014ء) حریت لیڈروں کیساتھ بات چیت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ گذشتہ بیس برسوں کے دوران بھارت کیساتھ مذاکرات شروع کرنے سے پہلے کشمیری لیڈر شپ کو اعتماد میں لیا جارہا ہے اور مستقبل میں بھی اس پر عمل کیا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بھارت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے فوری طور پر بات چیت شروع کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حریت لیڈروں کیساتھ میٹنگ منعقد کرنے کے بعد خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر بات چیت منسوخ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کیساتھ بات چیت شروع کرنے میں سنجیدہ ہے تاہم بھارت کی مرکزی حکومت نے مذاکرات منسوخ کرکے پاکستان کو مایوس کردیا۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان واضح کرنا چاہتا ہے کہ کشمیری لیڈر شپ کے بغیر دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتے اور کشمیر کے مسئلے کو صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں اور آرزوؤں کے مطابق ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ سرتاج عزیز کے مطابق خطے میں تب تک امن و امان کی ضمانت نہیں دی جاسکتی اور نہ ہی پاک بھارت مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں جب تک کشمیر کے مسئلے کو پرامن مذاکرات کے ذریعے حل نہ کرلیا جائے۔