سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے وفد کا سیاچن کا تاریخی دو روزہ دورہ، دفاعِ پاکستان میں ہردم کوشاں پاک افواج کی اعلیٰ خدمات کو سراہتے ہوئے پارلیمنٹ کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،گیاری سیکٹر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے سے قبل ابتدائی بریفنگ دی گئی ،پاکستانی قوم اور پارلیمنٹ کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جنکی ناقابلِ فراموش قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضاوٴں میں سانس لے رہے ہیں، مشاہد حسین سید

بدھ 1 اکتوبر 2014 08:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اکتوبر۔2014ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے وفد نے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیرقیادت دنیا کے بلند ترین محاذِ جنگ سیاچن کے تاریخی دو روزہ دورے کے دوران دفاعِ پاکستان میں ہردم کوشاں پاک افواج کی اعلیٰ خدمات کو سراہتے ہوئے پارلیمنٹ کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملکی پارلیمانی تاریخ کے اپنی نوعیت کے منفرد دورے کیلئے سینیٹ کا وفد اسلام آباد سے سکردو روانہ ہوا ، جہاں انہیں گیاری سیکٹر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے سے قبل ابتدائی بریفنگ دی گئی ، 140 فوجی افسران و جوانوں پر مشتمل گیاری شہداء جنہوں نے بارہ ہزار پانچ سو فٹ کی بلندی پر واقع دشوار ترین محاذِ جنگ میں اپریل 2012ء کو برفانی تودہ گرنے سینے جامِ شہادت نوش کیا تھا، کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے انکی یاد میں قائم مونومنٹ پر پھول چڑھانے کے ساتھ فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم اور پارلیمنٹ کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جنکی ناقابلِ فراموش قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضاوٴں میں سانس لے رہے ہیں، سیاچن میں مشکل ترین حالات میں پاکستانی فوجی نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے الرٹ ہے بلکہ منفی پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جانے والے موسمی حالات کا بھی مردانہ وار مقابلہ کررہا ہے۔

سینیٹر مشاہد نے موسمی تغیرات کے حوالے سے خطے کے ممالک کو باہمی طور پر مشترکہ حکمتِ عملی کے تعین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بھارت کے امن دشمن اقدامات پر بھی نکتہ چینی کی۔ سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کو بیلافونڈ لا اورگوما سمیت دیگر سٹریٹیجک اہمیت کے مقامات کا بھی دورہ کرایا گیا۔ وفد میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ صابر علی بلوچ، سینیٹر حاجی عدیل، سینیٹر محسن لغاری، سینیٹر عبدالروٴف، سینیٹر ڈاکٹر سعیدہ اقبال اور سیکرٹری کمیٹی ڈاکٹر پرویز عباس شامل تھے۔