انڈیا اور پاکستان باہمی تجارت کو فروغ دے کر غربت میں کمی کر سکتے ہیں۔ بھارتی ہائی کمشنر، ہمسایہ ممالک کے مابین کچھ تنازعات ہو سکتے ہیں تاہم باہمی تجارت کا فروغ پاکستان اور انڈیا کے مابین تنازعات کو کم کرنے اور تمام شعبوں میں تعلقات میں بہتری لانے میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے،دونوں ممالک عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے باہمی تجارت کو وسعت دینے پر توجہ دیں۔ اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب

منگل 30 ستمبر 2014 09:13

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء) انڈیا اور پاکستان میں حکومتی و عوامی سطح پر یہ احساس بیدار ہو رہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا فروغ غربت کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے لہذا دونوں پڑوسی ممالک اس مقصد کے حصول کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنے پر توجہ دیں۔ ان خیالات کااظہار پاکستان میں تعینات انڈیا کے ہائی کمشنر ٹی اے سی ر اگھوان نے اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے مابین کچھ تنازعات ہو سکتے ہیں تاہم باہمی تجارت کا فروغ پاکستان اور انڈیا کے مابین تنازعات کو کم کرنے اور تمام شعبوں میں تعلقات میں بہتری لانے میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا بھارتی وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے پر زور دیا تا کہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کی جائے لہذا یہ ضروری ہے کہ انڈیا اور پاکستان بھی عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے باہمی تجارت کو وسعت دینے پر توجہ دیں۔

(جاری ہے)

بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ اعتماد بہتر کرنے اور قربتیں بڑھانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ پاکستان اور انڈیا منفی پروپیگنڈا کی بجائے مثبت اقدامات پر توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک درست سمت کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں اور باہمی تعاون کا مزید فروغ دونوں ممالک سے غربت و بیروزگاری کو کم کرنے میں ممد ومعاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے ڈرامے ایک دفعہ پھر انڈیا میں بہت مقبولیت حاصل کر رہے ہیں اور ایک پاکستانی اداکار کو انڈیا کی ایک فلم میں نمایاں کردار دیا گیا ہے جس سے اعتماد سازی کی فضا سازگار ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کا فروغ کم مدت میں روزگار پیدا کرنے کا سب سے بہتر ذریعہ ہے اور انڈیا نے پاکستان کے ساتھ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ایک پروٹوکول پر دستخط کئے ہیں جس سے فائدہ مند نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کا سفارتخانہ پاکستانی چیمبرز آف کامرس کے ساتھ باقاعدہ روابط بڑھانے کیلئے ویڈیو کانفرنس اور چھوٹے نیٹورکنگ سیشن کا انعقاد کرے گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کے وہ تجارت میں بہتری لانے کیلئے پاکستانی تاجر براری کو آسان ویزہ فراہم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ڈی اے پی نے حال ہی میں انڈیا میں کامیابی کے ساتھ پاکستان لائف سٹائل نمائش منعقد کی ہے اور انہوں نے اس نمائش کیلئے انڈین اتھارٹیز کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک ہونے کے ناطے انڈیا اور پاکستان آپس کی تجارت بڑھانے کی وسیع صلاحیت رکھتے ہیں لہذا دونوں ممالک اس صلاحیت سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے مزید تجارتی راستے کھولیں، ایک دوسرے کے ملک میں موبائل رومنگ سروس کی اجازت دیں، آپس میں بینکنگ چینلز کھولیں اور اوپن ویزا پالیسی اپنائیں جس سے تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا پاکستانی بزنس مینوں کو صرف 10شہروں کا ویزا دینے کی بجائے پورے ملک کا ویزا جاری کرے۔اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شعبان خالد نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان تقریبا 3ارب ڈالر کی سالانہ تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان براہ راست کی بجائے دبئی کے زیادہ تجارت ہو رہی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک براہ راست تجارت کے فروغ کی حوصلہ افزائی کریں جس سے عوام کو زیادہ فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا اور پاکستان براہ راست ہوائی روابط بڑھائیں اور سڑک کے ذریعے مزید راستے کھولیں تا کہ عوامی سطح پر رابطے بڑھیں اور تجارت میں بھی بہتری آئے۔شعبان خالد نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا غربت سمیت متعدد مشترکہ مسائل سے دو چار ہیں جبکہ باہمی کاروبار کا فروغ غربت کو کم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی پالیسیوں میں عام آدمی کا معیار زندگی بہتر کرنے کو ترجیح دیں اور ویزہ پالیسیوں کو مزید آسان بنائیں تا کہ عوامی روابط بڑھنے سے مضبوط تعلقات قائم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا تجارت کی ترقی کیلئے انفراسٹریکچر کو مزید بہتر کریں اور نان ٹیرف بیرئیر کو دور کریں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد چیمبر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے انڈین ہائی کمیشن کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :