ہم استعفے دے چکے‘ منظور کرنا سپیکر کی ذمہ داری ہے ، جہانگیر ترین ،سپیکر ہمارے استعفے منظور نہ کر کے غیر آئینی اور تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں تا کہ ایک ہی دن ضمنی الیکشن نہ کرانے پڑیں، گفتگو

منگل 30 ستمبر 2014 09:09

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء)تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ہم استعفے دے چکے ہیں ان کو منظور کرنا سپیکر کی ذمہ داری ہے ۔سپیکر ہمارے استعفے منظور نہ کر کے غیر آئینی اور تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں تا کہ ایک ہی دن ضمنی الیکشن نہ کرانے پڑیں۔یہ بات انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ استعفوں کی منظوری کے لئے تحریک انصاف نے سپیکر کو خط لکھ دیا ہے وہ ہمیں گروپ کی صورت میں بلائیں ہم جانے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے بحیثیت سیکرٹری جنرل جاوید ہاشمی کو معطلی کا لیٹر چیئرمین عمران خان کے حکم پر لکھا ہے ۔جاوید ہاشمی کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونا ہوگا اور اب جاوید ہاشمی جو پارٹی پالیسیوں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں وہ غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔جاوید ہاشمی پارٹی کے ہر فیصلے میں شامل رہتے تھے۔