جلسے اور دھرنے اتنے اہم نہیں جو چیز نواز شریف کا پیچھا کررہی ہے وہ ”گو نواز گو“ کا نعرہ ہے، اعتزاز احسن ، وزیراعظم کو برادرانہ مشورہ دیتا ہوں کہ وہ چند روز کیلئے عوام میں نہ جائیں اور اکیلے ہی گزارہ کریں ، دھرنوں سے استعفے نہیں ملتے،میڈیا سے گفتگو

منگل 30 ستمبر 2014 09:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر بیرسٹر اعتزاز احسن نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو دوستانہ مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو چیز وزیراعظم کا پیچھا کررہی ہے وہ ”گو نواز گو“ کا نعرہ ہے وہ چند روز کیلئے عوام سے دور رہ کر گزارہ کریں۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جلسہ بڑا تھا لیکن بڑے سے بڑا جلسہ بھی کچھ روز کیلئے بھول جاتا ہے جلسے اور دھرنے اتنے اہم نہیں جو چیز نواز شریف کا پیچھا کررہی ہے وہ ”گو نواز گو“ کا نعرہ ہے۔

وزیراعظم کو ایک برادرانہ مشورہ دیتا ہوں کہ وہ چند روز کیلئے عوام میں نہ جائیں اور اکیلے ہی گزارہ کریں اور اپنے وزراء کو مشورہ دیں کہ وہ عوام میں چند روز کیلئے نہ جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک متوسط‘ غریبوں‘ محنت کشوں اور کسانوں کی جماعت ہے جبکہ (ن) لیگ سرمایہ داروں کی جماعت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی پالیسیاں ہمیشہ عوام مخالف ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گو نواز گو کے نعرے سے تبدیلی کا رنگ نظر آرہا ہے۔ نواز‘ حمزہ اور شہباز جہاں بھی جاتے ہیں یہ نعرہ ان کے سامنے آجاتا ہے۔ سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا مایوس کارکنوں بارے بیان سنجیدہ اور دانشمندانہ ہے۔ اللہ کی شان ہے کہ عمران خان شیخ رشید کو چپڑاسی بھی نہیں رکھتے اور آج کوئی بات کرتے ہیں تو شیخ رشید کی مشاورت سے کرتے ہیں۔ شیخ رشید بتائیں کہ وہ آٹھ بار کس کے کہنے پر وفاقی وزیر رہے۔ دھرنوں سے استعفے نہیں ملتے۔ پارلیمنٹ نے بھی حکومت پر دباؤ ڈالا لیکن پارلیمنٹ بھی وزیراعظم کے استعفے کی مخالف ہے۔