لاہور میں 2013 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کا مینڈیٹ جعلی تھا لاکھوں افراد نے ہمارے جلسے میں شرکت کی، مخدوم شاہ محمود قریشی، ہم اپنی ذات کی سیاست نہیں کررہے عوام کی سیاست کررہے ہیں۔ ان کے مسائل کا حل چاہتے ہیں،عمران خان کا جلسہ دس اکتوبر کو ملتان میں ہوگا ، ہم عوام کی کچہری میں اپنا مقدمہ پیش کریں گے،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے ہونے والی زیادتیوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں گے،میڈیا سے بات چیت

منگل 30 ستمبر 2014 09:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لاہور کے تاریخی جلسے نے ثابت کردیا ہے کہ لاہور میں 2013 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کا مینڈیٹ جعلی تھا انتظامیہ اس کی ہونے کے باوجود لاکھوں افراد نے ہمارے جلسے میں شرکت کی۔ یہ بات انہوں نے سوموار کی شب ملتان میں طارق نعیم الله کی رہائش پر ان کے اور ان کے بھائی کی تحریک انصاف میں دوبارہ شمولیت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے تاریخی جلسے کے بعد میں اہلیان لاہور کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمیں تاریخی پذیرائی دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ثابت کردیا ہے کہ 2013 ء کا مسلم لیگ ن کا مینڈیٹ جعلی تھا جو دھاندلی کے ذریعے حاصل کیا گیا اور ہمارے موقف کی تائید کردی ہے کہ 2013 ء الیکشن میں بھرپور دھاندلی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ یہ تائید 21 ستمبر کو کراچی کے عوام نے بھی کی تھی اور اب لاہور کے عوام نے بھی کردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہے تاہم حکومت جو کہتی ہے وہ کرتی نہیں ہے اس کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دھرنا اسلام آباد میں قائم و دائم ہے اور قائم و دائم رہے گا عمران خان کا عزم چٹان کی طرح ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم اپنی ذات کی سیاست نہیں کررہے عوام کی سیاست کررہے ہیں۔

ان کے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے استعفے دے دیئے ہیں اب استعفے وہ منظور کیوں نہیں کرتے یہ ان سے پوچھیں ہم استعفے لینے والے نہیں دینے والے ہیں دھاندلی کے الیکشن کے خلاف اٹھے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں فری فیئر الیکشن چاہتے ہیں آزاد پاکستان الیکشن کمیشن چاہتے ہیں

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اسلام آباد کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہزاروں کی تعداد میں روزانہ ہمارے جلسے میں آتے ہیں اور اس تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اس دھرنے کا مقصد ملک میں شفاف انتخابات ‘ خود مختار الیکشن کمیشن ہے انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں اور بہت سی باتوں پر مفاہمت ہوچکی ہے جو میرے علم میں ہیں لیکن حکومت جو کہتی ہے وہ کرتی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا جلسہ دس اکتوبر کو ملتان میں ہو ہوگا جس میں ہم عوام کی کچہری میں اپنا مقدمہ پیش کریں گے اور پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی جانب سے ہونے والی زیادتیوں کے بارے میں عوام کو آگاہ کریں گے۔

ان سے سوال کیا گیا این اے 149 کے ضمنی الیکشن سے مخدوم جاوید ہاشمی کے مقابلے میں آپ کا کینڈیڈیٹ کون ہوگا انہوں نے کہاکہ ہم نے یہاں سے نہ لڑنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بعد میں عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم امیدواروں کے بارے میں دیکھیں گے کہ کون کون امیدوار الیکشن میں سامنے آرہے ہیں اس کے بعد فیصلہ کریں گے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ کیا جاوید ہاشمی جیت جائیں گے تو انہوں نے کہا کہ ملتان کے لوگ سیاسی بصیرت رکھتے ہیں اور ملتان کے لوگ ثابت کردیں گے کہ کون ان کا حقیقی نمائندہ ہے اور ملتان کے عوام جو فیصلہ کریں گے اسے ہم قبول کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان نے ایوب خان کے خلاف ‘ بھٹو کے خلاف ‘عدلیہ کے خلاف جو تحریکیں شروع ہوئی تھیں ان میں اہم کردار ادا کیا۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ جاوید ہاشمی نے کہا کہ اگر عمران خان مجھے ملتان کے جلسے میں بلائیں گے تو کیا آپ انہیں بلائیں گے اس پر انہوں نے نو کمنٹس کہا۔ جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ناصرف جوڈیشل کمیشن بلکہ اور بہت سی باتوں پر اتفاق ہوگیا تھا۔

لیکن حکومت اس پر قائم نہیں رہی۔ انہوں نے استعفے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے نا صرف اپنا استعفی قومی اسمبلی میں دیا ہے بلکہ دوسرے اراکین کے استعفے بھی دیئے ہیں۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ میں اور عمران خان این اے 149 کی سیاست نہیں کرتے بلکہ قومی سیاست کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے میپکو حکام کی جانب سے میرے گھر پر لگے ہوئے میٹروں کے بارے میں کوئی نوٹس نہیں ملا۔ جب کو نوٹس ملے گا تو میں اس کا جواب دے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بجلی چوری نہیں کرتے۔ اپنا بل جمع کرانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں بھی نو کمنٹس کہا۔