سیاسی جرگے کی تحریک انصاف اورعوامی تحریک سے دھرناکچھ دنوں کیلئے ملتوی کرنے کی اپیل،دھرنے میں شامل سیاسی جماعتوں کے قائدین آرام سے ہیں لیکن دیگرشرکاء کوشدیدمشکلات ہیں ،کچھ دنوں کیلئے دھرناملتوی کیاجائے تاکہ شرکاء عیداپنے گھروں میں مناسکیں ،سیاسی جرگہ بحران حل کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے ،تینوں فریقین لچک دکھائیں مسئلہ دودنوں میں حل ہوسکتاہے ،رحمان ملک

منگل 30 ستمبر 2014 08:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء)سیاسی جرگے نے تحریک انصاف ا ورعوامی تحریک سیدھرنے کچھ دنوں کیلئے ملتوی کرنے کی اپیل کردی ہے ،رحما ن ملک کاکہناہے کہ تمام فریقین ملک کی خاطرلچک دکھائیں تاکہ دھرنے کے شرکاء اپنے گھرعیدمناسکیں ۔میڈیارپورٹس کے مطابق پیر کی شامل اپنے ایک بیان میں رحمان ملک نے کہاکہ اشرف غنی اورعبداللہ عبداللہ نے افغانستان کیلئے ایک تاریخ سازمفاہمت کی جس کی بدولت ان دونوں نے تمام باہمی اختلافات کوبھلاکرایک معاہدے پردستخط کئے اورافغانستان میں پرامن انتقال اقتدارکامرحلہ مکمل ہوا،کیاہماری سیاسی جماعتیں اورہم سب اپنے ملک کیلئے اس طرح کے جذبے کااظہارنہیں کرسکتے ۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف عوامی تحریک اورحکومت کولچک دکھائیں تویہ سیاسی مسئلہ صرف دودنوں میں حل ہوسکتاہے ،ہمیں یہ سمجھناہوگاکہ ہم سب اورتمام قائدین جنہوں نے دھرنے کااہتمام کیاہے آرام سے ہیں لیکن دھرنے کے شرکاء کوشدیدمشکلات ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ دھرناکچھ دنوں کیلئے ملتوی کردیں تاکہ تمام شرکاء عیدکی خوشیاں اپنے اپنے گھروں میں اپنے پیاروں کے ساتھ مناسکیں ۔رحمان ملک نے مزیدکہاکہ تحریک انصاف اورعوامی تحریک کے رہنماوٴں کے ساتھ رابطے ہوئے ہیں دونوں رہنماوٴں نے کہاہے کہ وہ مذاکرات کیلئے تیارہیں ۔سیاسی جرگہ اس بحران کے حل کیلئے مسلسل کوشاں ہے اورہماری کوشش ہے کہ یہ بحران جلدحل ہوجائے ۔