پاکستان کا عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا عزم،خارجہ سیکرٹری نے عالمی امن اور مذاکرات کیلئے عالمی کوششوں میں پاکستان کے کرداراورتعاون پر روشنی ڈالی، پاکستان نے ملک میں بین المذاہب مذاکرے اورہم آہنگی کے فروغ کیلئے قومی ہم آہنگی کی وزارت قائم کی ہے،اعزاز احمدچوہدری

پیر 29 ستمبر 2014 08:19

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29ستمبر۔2014ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمدچوہدری نے عالمی امن اور بین المذہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔وہ نیویارک میں یونائیٹڈ نیشنزالائنس آف سویلائزیشن کے دوست ملکوں کے وزارتی گروپ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس کا موضوع تھا عالمی امن اور بقائے باہمی کودرپیش نئے اور ابھرتے ہوئے نظریاتی خطرات ،،خارجہ سیکرٹری نے عالمی امن اور مذاکرات کیلئے عالمی کوششوں میں پاکستان کے کرداراورتعاون پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان بین المذاہب اوربین الثافت مذاکرے کے فروغ کیلئے سالانہ قرارداد پیش کرتا ہے جس کی رکن ملکوں کے درمیان اتفاق رائے سے ہرسال منظوری دی جاتی ہے۔

انہوں نے شرکاء کو بتایاکہ پاکستان نے ملک میں بین المذاہب مذاکرے اورہم آہنگی کے فروغ کیلئے قومی ہم آہنگی کی وزارت قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

ملک کے تمام اضلاع میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جہاں تمام عقائد اور مذاہب کے نمائندوں کے درمیان رابطہ ہوتا ہے۔

یونائیٹڈنیشنز الائنس آف سویلائزیشن کے مذہبی آزادی، ذرائع ابلاغ کی غیرجانبداری ، تعلیم کے فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات کوسراہتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے یقین دلایا کہ پاکستان ادارے کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ عالمی امن اورخوشحالی کا مقصد حاصل کیاجائے۔

متعلقہ عنوان :