شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں جیٹ طیاروں کی شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری،15 دہشت گرد ہلاک‘ متعدد زخمی،پانچ خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے، خیبر ایجنسی میں چیک پوسٹ پر حملہ، جوابی کارروائی میں 6دہشت گردہلاک ، پاراچنار‘سبزی منڈی سے 25 کلو وزنی بم برآمد ، ناکارہ بنادیا گیا

پیر 29 ستمبر 2014 07:56

شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29ستمبر۔2014ء) شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں جیٹ طیاروں کی شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے نتیجے میں پندرہ دہشت گرد ہلاک‘ متعدد زخمی ہوگئے جبکہ پانچ خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔ اتوار کے روز آئی ایس پی آر کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال ویلی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی جس کے نتیجے میں پندرہ دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے‘ مارے جانے والے دہشت گردوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں جبکہ دہشت گردوں کے پانچ خفیہ ٹھکانح بھی تباہ ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ضرب عضب کو 105 روز ہوگئے جس جس میں پاک فوج مسلسل کامیابیاں سمیٹ رہی ہے اور آخری دہشت گرد کی موجودگی تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ادھرخیبرایجنسی میں دہشت گردوں کا سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ جوابی کارروائی میں 6دہشت گرد مارے گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرایجنسی کے جمرود بازار میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر اچانک حملہ کیا۔

فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 6دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ باقی ماندہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ واقعے کے بعد فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ تا ہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی، ادھر پاراچنار میں سبزی منڈی سے 25 کلو وزنی بم برآمد ہوا جسے فورسز نے ناکارہ بنادیا۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق 25 کلو وزنی بم کو سیب کی پیٹی میں چھپا کر پاراچنار کی سبزی منڈی میں لایا گیا تھا۔ تاہم سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ برآمد ہونیوالے بم کو خالی مقام پر دھماکا کرکے ناکارہ کیا گیا۔