ہنگو کے قریب محمد خوجہ متاثرین کیمپ میں بم دھماکہ 9 افراد جاں بحق،پرویز خٹک کا ہنگو دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار،شہید ہونیوالوں کے ورثاء اور زخمیوں کیلئے شہید پیکیج کے تحت معاوضے کا اعلان

پیر 29 ستمبر 2014 07:52

ہنگو (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29ستمبر۔2014ء) ہنگو کے قریب محمد خوجہ متاثرین کیمپ میں بم دھماکہ 9 افراد جاں بحق‘ چودہ زخمی‘ دو خیمے جلکر خاکستر ‘ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا‘ قریبی علاقوں سے چھ افراد گرفتار‘ تفصیلات کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے ہنگو کے قریب محمد خوجہ متاثرین سے کیمپ کے اندر موٹر سائیکل میں بم نصب کیا تھا جو اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں چار بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ چودہ زخمی ہوگئے زخمیوں کو ہنگو کے ہسپتال منتقل کردیا گیا دھماکے سے کیمپ میں دو خیمے بھی جل کر خاکستر ہوگئے واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا مقامی ذرائع کے مطابق پولیس نے قریبی علاقوں سے چھ مشکوک افراد کوحراست میں لے لیا ہے ذرائع کے مطابق متاثرین کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل کر شدید نعرہ بازی کی کیمپ کے ارد گرد سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کردیئے ہیں پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں سات سے دس کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا موٹر سائیکل کے ٹکڑے بھی قبضے میں لیے گئے تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

ادھرخیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ہنگو کے علاقے توغ سرے میں بارودی مواد کے دھماکے اور اس میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس بزدلانہ واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے سانحے میں شہید ہونیوالوں کے ورثاء اور زخمیوں کیلئے شہید پیکیج کے تحت معاوضے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اہل شہداء کو پانچ پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے ملیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ معمولی رقم قیمتی انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی مگر یہ صوبائی حکومت اور عوام کی طرف سے انکے دکھ بانٹنے کی کوشش ہے پرویز خٹک نے ملحقہ اورکزئی ایجنسی کے سرحدی علاقے میں آئی ڈی پیز کیمپ میں دھماکے کی بھی شدید مذمت کی ہے وزیراعلیٰ نے ہنگو کے اندوہناک دہشت گرد واقعے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مقامی پولیس و ضلعی انتظامیہ کو فوری حرکت میں آنے اور ملحقہ پولیٹیکل انتظامیہ سے بھی ہنگامی رابطہ کرکے ملزمان کی تلاش اور فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے انہوں نے انتظامیہ کے علاوہ مقامی ارکان اسمبلی کو بھی فوری متاثرہ افراد اور خاندانوں سے رابطے اور زخمیوں کے مفت علاج پر بھرپور توجہ کی ہدایت کی پرویز خٹک نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت ذی الحج جیسے ماہ مقدس بالخصوص عید الاضحی کی آمد کے موقع پر اسطرح کی قبیح دہشت گردی اور معصوم شہریوں کا خون بہانے والے واقعات ہر گز برداشت نہیں کر یگی لہٰذا یسے کسی بھی خونچکاں واقعہ کے مرتکب دہشتگردوں کو ہر قیمت پر پکڑا اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ وہ دوسروں کیلئے بھی نشان عبرت بنیں انہوں نے مزید ہدایت کی صوبے بھر بالخصوص قبائلی ایجنسیوں سے ملحقہ ہر ضلع کی پولیس اور مقامی انتظامیہ باہمی مشاورت سے غیرمعمولی انتظامات کے ذریعے آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کا تدارک یقینی بنائیں اور اتنے مربوط حفاظتی اقدامات کریں کہ شہریوں کی جان و مال کا یقینی تحفظ ہو اور وہ خود کو محفوظ و مامون سمجھ سکیں وزیراعلیٰ نے دونوں افسوسناک واقعات میں شہید افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔