پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے میں 3 جوڑے زندگی کے بندھن میں بندھ گئے، دو باراتیں راولپنڈی ایک تلہ گنگ جائیگی، ڈاکٹر طاہر القادری نے دلہنوں کو سلامی دیتے ہوئے ناموں کے آگے انقلابیہ لگادیا

ہفتہ 27 ستمبر 2014 08:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27ستمبر۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے میں 3 جوڑے زندگی کے بندھن میں بندھ گئے، دو باراتیں راولپنڈی ایک تلہ گنگ جائیگی، ڈاکٹر طاہر القادری نے دلہنوں کو سلامی دیتے ہوئے ناموں کے آگے انقلابیہ لگادیا۔ جمعہ کے روز پاکستان عوامی کا شاہراہ دستور کے دھرنا کے 44 ویں روز میں داخل ہوگیا اور اسی روز ایک خوشگوار واقعہ بھی دیکھنے میں آیا جب تین جوڑوں کو انقلاب دھرنا میں زندگی کے نئے بندھن میں بندھ دیاگیا۔

قبل ازیں تینوں دلہوں بلال احمد، محمد بلال ،معین طاہراور تینوں دلہنوں لبنی، انیکہ اور نبیلہ کی ملاقات ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کے کنٹینر میں ملاقات کرائی گئی بعد ازاں کنٹینر کی پچھلی سائیڈ پر لگائے گئے کیمپ میں تینوں جوڑوں کا نکا ح پڑھایا گیا ۔

(جاری ہے)

نکاح علامہ حافظ محمد نظیر نے پڑھایا بعد ازاں ڈاکٹر طاہر القادری جیسے ہی خطاب کیلئے سٹیج پر آئے تو تینوں جوڑوں کو بھی اپنے ساتھ سٹیج پر بلالیا اور خطاب کے دوران کہاکہ اللہ تعالیٰ ان تینوں کو کامیاب کرے اور خوش و خرم رکھے۔

طاہر القادری نے تینوں دلہنوں کے ناموں کے ساتھ انقلابیہ کا اضافہ کرتے ہوئے کہ تینوں باراتیوں کو انقلاب مارچ میں لے کر آئیں اس لئے یہ انقلابیہ ہیں اور ایسی مثال تاریخ میں ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تین دلہنوں میں سے 2 سگی بہنیں ہیں جو یتیم ہیں جب کہ 2 دلہوں کا تعلق راولپنڈی اور ایک کا تلہ گنگ سے ہے۔بعدازاں ڈاکٹر طاہر القادری نے دونوں یتیم لڑکیوں لبنی اور انیکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج سے یہ میری بیٹیاں ہیں اور انہوں نے سلامی بھی دی اور کہاکہ یہ سنت رسول ہے اور اس کا عظیم اجر ہے ۔