عمران خان نے دھرنے میں جعلی بل جلا کر قوم کو دھوکہ دیا ، پرویز رشید ،چیئرمین پی ٹی آئی نے زمان پارک کے گھر کا بل جمع کرادیا ، حکومت نے صوابدیدی اور سیکرٹ فنڈز ختم کردیئے ، تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے 45 دنوں میں قوم کو نقصان دیا ، دنیا کے ممالک میں پاکستان کے بارے میں برا تاثر پیش کیا ، دنیا دہشتگردوں سے نجات حاصل کرنا چاہتی ہے اس لیے پاکستان کے وزیراعظم کا خطاب بہت اہم ہے جس میں دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کی بات کی جاتی ہے، وزیر اطلاعات ونشریات کی سرکاری ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 27 ستمبر 2014 08:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے دھرنے میں جعلی بل جلا کر قوم کو دھوکہ دیا ، عمران خان نے زمان پارک کے گھر کا بجلی کا بل جمع کرادیا ہے ، حکومت نے صوابدیدی اور سیکرٹ فنڈز ختم کردیئے ۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری نے 45دنوں میں قوم کو نقصان دیا اور دنیا کے ممالک میں پاکستان کے بارے میں برا تاثر پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری اور عمران خان جب آئے تو ہمارے پاس تین راستے تھے پہلا راستہ انہیں طاقت سے روکنے کا تھا لیکن انہوں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنایا اور جب ریڈ زون میں داخل ہوئے تباہی عورتوں اور بچوں کو آگے آرکھا ہوا تھا اور طاہر القادری خود کنٹینر میں تھے جس کے اطراف میں عورتیں اور بچے تھے اور عورتوں اور بچوں کی جانیں محفوظ رکھنا ہماری پہلی کوشش اور ترجیح تھی دوسرا راستہ رضا کارانہ طورپر احتجاج ریکارڈ کرا کر یہ چلے جاتے انہوں نے وہ راستہ اختیار نہیں کیا اس کے بعد تیسرا راستہ مذاکرات کا تھا اور ہم نے اس کے لیے یہ آپشن استعمال کیا ہمارے نمائندے خود چل کر ان کے کنٹینرز تک گئے لیکن عمران اور قادری کی تقاریر نے مشکل بڑھائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے قبریں تک بنا دی تھیں اور ان کے پچاری قتل و غارت پر اتر آئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی ہٹ دھرمی نے مشکلات پیدا کیں ایک سوال پر کہا کہ ہم نے اپنے منشور میں صوابدیدی اور سیکرٹ فنڈ کے خاتمے کا ذکر کیا تھا جو اب ختم کردیئے گئے ہیں اس کے ساتھ ہم نے سادگی اپنائی ہے وزارتوں نے تیس اور وزیراعظم ہاؤس نے چالیس فیصد اخراجات کو کم کیا گیا نواز شریف کے ساتھ نیویارک کے اجلاس میں شرکت کے لیے کوئی بڑا وفد نہیں گیا اور غیر ملکی دوروں پر جو صحافی جاتے ہیں وہ اپنے اخراجات تبھی خود کرتے ہیں حکومت نے اس کلچر کو ہی ختم کیا ہے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی دنیا پاکستان کو سننا چاہتی ہے اور دنیا دہشتگردوں سے نجات حاصل کرنا چاہتی ہے اس لیے پاکستان کے وزیراعظم کا خطاب بہت اہم ہے جس میں دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کی بات کی جاتی ہے ۔