سپریم کورٹ میں وزیراعظم کی نا اہلی کی درخواست سماعت کے لئے منظور،وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کے خلاف قتل کے مقدمات درج ہیں انھیں نااہل قرار دیا جائے، درخواست گزار، نا اہلی کی درخواست پر سماعت آئندہ ہفتے ہو گی

ہفتہ 27 ستمبر 2014 08:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27ستمبر۔2014ء)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے لگائے گئے اعترضات مسترد کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی۔ جمعہ کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے اپنے چیمبر میں تحریک انصاف کے اسحاق خان خاکوانی کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے انکے وکیل عرفان قادر عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف سانحہ ماڈل ٹاون کی ایف آئی آر درج ہے ، انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم نے اسمبلی کے فلور پر پاکستان تحریک انصاف اور فوج کے درمیان مذاکرات پر متضاد بیانات دئے جس سے فوج جیسے ادرے پر حرف آیا ، درخواست پر سپریم کورٹ رجسٹرار کی جانب سے اعتراضات لگائے گئے تھے تاہم چیف جسٹس نے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کے لئے منظورکر لیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل عرفان قادر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ تحریک انصاف کی درخواست مان لی گئی ہے،درخواست میں وزیر اعظم کو کیس میں فریق بنانے کی بات کی تھی۔ جس پر رجسٹرار نے اعتراض لگائے تھے تاہم اب کیس کی سماعت آئندہ ہفتے ہو گی۔