امریکہ کی جانب سے پاکستان کی پولیس ، انسداد منشیات اور قانون کی حکمرانی کیلئے 41ملین ڈالر سے زائد رقم کی فراہمی ، آج کا دن امریکہ اور پاکستان کے درمیان طویل شراکت میں سنگ میل کی حیثیت حاصل کرگیا ،ہم غیر قانونی منشیات کی نقل وحرکت کی روک تھام کیلئے پاکستان کی طویل جدوجہد کو سراہتے ہیں ، رچرڈ اولسن

ہفتہ 27 ستمبر 2014 08:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27ستمبر۔2014ء) امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن اور پاکستان کے اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری محمد سلیم سیٹھی نے باہمی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کئے جس کے تحت امریکی محکمہ خارجہ انسداد منشیات اور نفاذ قانون کے امور کا بین الاقوامی بیورو حکومت پاکستان کو قانون کے نفاذ کی صلاحیت بڑھانے ، منشیات کے انسداد اور فوجداری عدالتی نظام میں اصلاحات کے لیے چار کروڑ اٹھارہ لاکھ فراہم کرے گا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ آج کے دن کو امریکہ اور پاکستان کے درمیان طویل شراکت میں سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے انہوں نے کہا کہ ہم غیر قانونی منشیات کی نقل وحرکت کی روک تھام کے لئے کی گئی پیش رفت اور پوست کی پیداوار کے قلع قمع کے لیے پاکستان کی 32سالہ جدو جہد کو سراہتے ہیں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے خاص طورپر ذکر کیا ہے کہ امریکہ نے اس طرح کے پہلے باہمی تعاون کے معاہدے پر 1982 میں دستخط کئے تھے اور آج اس معاہدے پر دستخط سے غیر قانونی منشیات کی پیداوار اور نقل وحرکت روکنے کے لیے پاکستان کے اقدامات میں تعاون کے امریکی عزم کی عکاسی ہوتی ہے معاہدے کے تحت پاکستان بھر میں ایسے پروگرام جاری رکھے جاسکیں گے جس سے تربیت فراہمی آلات اور بنیادی ڈھانچہ کے ذریعے صوبائی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کام کرنے کی صلاحیت اور ان کی رسائی میں بہتری آئے گی ۔