پاکستان کا زمین سے زمین پر مارکرنے والے ملٹی ٹیوب میزائل حتفIX نَصْر کا کامیاب تجربہ ،تجربہ میں چارمیزائل ایک جدید ملٹی ٹیوب لانچر سے یکے بعد دیگرے Salvo Mode میں لانچ کیے گئے،چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے تمام سائنسدانوں اور انجینئرزکو خطے میں امن کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی ، تمام متعلقہ افراد کی فنی صلاحیتوں کو سراہا

ہفتہ 27 ستمبر 2014 08:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27ستمبر۔2014ء)پاکستان نے جمعہ کوکم فاصلے کے زمین سے زمین پر مارکرنے والے ملٹی ٹیوب میزائل حتفIX نَصْر کا کامیاب تجربہ کیاہے۔ تجربہ میں چارمیزائل ایک جدید ملٹی ٹیوب لانچر سے یکے بعد دیگرے Salvo Mode میں لانچ کیے گئے۔ ایٹمی صلاحیت کا حامل نَصْر میزائل 60کلومیٹر تک انتہا ئی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کے علاوہ "مار اور فرار" کی خصوصی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

یہ برق رفتار میزائل سسٹم ٹیکٹیکل اور آپریشنل سطح پر درپیش تمام خطرات کے خلاف ایک موثر ہتھیار ثابت ہو گا۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ، ڈائریکٹر جنرل اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر اے، ایس، ایف،سی لیفٹیننٹ جنرل عبید اللہ خان، چیئر مین نیسکام مسٹر محمد عرفان برنی، اسٹرٹیجک فورسز کے سینئر افسران اور ا سٹرٹیجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے اس کامیاب ٹیسٹ فائر کا مظاہرہ دیکھا۔

(جاری ہے)

نصر میزائل کے کامیاب فائرکے موقع پرچئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے تمام سائنسدانوں اور انجینئرزکو خطے میں امن کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے تمام متعلقہ افراد کی فنی صلاحیتوں کو سراہا جن کی بدولت آج کا تجربہ کامیاب رہا۔ انہوں نے پاکستان کے سٹریٹیجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور مسلح افواج کی دفاع وطن کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ظاہرکیا۔آج کے کامیاب تجربے کو صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان نے بھی سراہتے ہوئے تما م سائنسدانوں اور مشقوں میں حصہ لینے والی سپاہ کو اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

متعلقہ عنوان :