وزارت تجارت نے آئندہ پاک ایران تجارتی مذاکرات کی تیاری مکمل کر لی ہے،ترجیحی تجارتی معاہدے کا از سر نو جائزہ لے رہے ہیں، وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان

جمعہ 26 ستمبر 2014 08:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26ستمبر۔2014ء ) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ روس اور ایران سے وسیع تر تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں بڑی سرمایہ کاری بھی شامل ہے، ایران کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کا از سر نو جائزہ لے رہے ہیں، وزارت تجارت نے آئندہ پاک ایران تجارتی مذاکرات کی تیاری مکمل کر لی ہے، وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے بھر پور تعاون سے تجارتی تعلقات کو نئی بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے کام شروع کر دیا گیاہے ،جمعرات کے روز ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے روس اور ایران سے ملکی تجارت اور سرمایہ میں اضافے اوران کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے تعاون سے پاک ایران سرحد پر تین نئی تجارتی چیک پوسٹوں کی تعمیر کی جائیں گی ،ان پوسٹوں پر فیڈرل بورڈآف ریونیو اور وزارت داخلہ کے حکام کی تعیناتی کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو روس کے ویزوں کے حصول میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے روسی حکام سے بات کریں گے،بین الاقوامی حا لات کے باعث روس کو پھلوں ،سبزیوں اور گوشت کی برآمدات کا سنہری موقع ابھرا ہے جس سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کریں گے،اس مقصد کیلئے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستا ن (ٹی ڈی اے پی)کے درمیان ابتدائی میٹنگ ہو چکی ہے، ٹی ڈی اے پی 15اکتوبر تک روس میں پاکستانی پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں اضافے کیلئے اپنا مارکیٹنگ پلان وزارت تجارت کو پیش کرے گی جس کی بدولت پاکستانی تاجروں کو روس میں برآمدات میں اضافے کیلئے درست معلومات مہیا کی جاسکیں گی۔

متعلقہ عنوان :