داعش کیخلاف بین الاقوامی برادری کے ساتھ ہیں، ترجمان دفتر خارجہ ،وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی ہم منصب سے ملاقات کیلئے کوئی درخواست نہیں دی ،چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوا منسوخ نہیں۔دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔پاکستان اندرونی اور بیرونی طور پر امن کا خواہاں ہے،تسنیم اسلم کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعہ 26 ستمبر 2014 08:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26ستمبر۔2014ء)ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ داعش کے خلاف بین الاقوامی برادری کے ساتھ ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ملاقات طے نہیں اور نہ ہی پاکستان کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا اظہار کیا گیا جبکہ بھارت کی جانب سے بھی اس معاملے پر کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ،جمعرات کے روز دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ملاقات طے نہیں اور نہ ہی پاکستان کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا اظہار کیا گیا جبکہ بھارت کی جانب سے کوئی اس معاملے پر درخواست موصول نہیں ہوئی ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پاک بھارت سیکرٹری مذاکرات بھارت نے منسوخ کئے تھے اور دونوں ملکوں کے درمیان طے پایا تھا کہ پاک بھارت سیکرٹری ملاقات ہوگی ۔ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لیے کوئی کمی نہیں چھوڑی، تسنیم اسلم نے کہا کہ عراق اور شام میں نیا گروپ خراسان کے نام سے سامنے آیا ہے لیکن دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان کی بڑی واضح پالیسی ہے اور داعش کے معاملے پر بین الاقوامی برادری کے ساتھ ہیں ۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوا ہے لیکن منسوخ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر سے ملاقات شیڈول نہیں ۔ترجمان نے کہا کہ ڈرون حملے غیر قانونی ہیں اور کسی بھی ملک کی سالمیت کے خلاف ہیں حالانکہ پاکستان کی دہشت گردی کے حوالے سے بڑی واضح پالیسی ہے اور دہشت گردی کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جارہی ہے ۔دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔پاکستان اندرونی اور بیرونی طور پر امن کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ افغانستان میں استحکام کا نیا دور آئے گا اور افغانستان میں دہشت گردی کی پناہ گاہیں ختم ہوں گی۔