پاکستان سے سیکریٹری خارجہ کی سطح مذاکرات ملتوی نہیں منسوخ کیے،وجہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کشمیری قیادت سے غیر معمولی ملاقات ہے، بھارت کے پانی چھوڑنے سے پاکستان میں سیلاب نہیں آیایہ الزام بے بنیاد ہے، پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان

جمعہ 26 ستمبر 2014 08:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26ستمبر۔2014ء )پاکستان میں تعینات بھارت کے ہائی کمشنرڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان نے کہا ہے کہ بھارت نے سیکریٹری خارجہ کی سطح پر مذاکرات ملتوی نہیں منسوخ کیے ہیں ، خارجہ تعلقات میں کامہ ضرور ہے تاہم فل سٹاپ نہیں، پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی نیویارک میں ملا قات نہ ہوناکوئی اچنبے یا پریشانی کی بات نہیں ہے، بھارت نے سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ملتوی نہیں منسوخ کیے ہیں، جس کی وجہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کشمیری قیادت سے غیر معمولی ملاقات ہے،دو حکومتوں کے درمیان مذاکرات میں کسی اور فریق کو نہیں لایا جا سکتا،بھارت کے پانی چھوڑنے سے پاکستان میں سیلاب نہیں آیا، یہ الزام بے بنیاد ہے،بگلیہار ڈیم میں تو پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت ہی موجودنہیں ہے، تجارتی معاہدے کے حوالے سے بھارتی تجاویز حکومت پاکستان کو بھجوا دیں گئی ہیں تاہم ابھی تک جواب موصول نہیں ہوا، دونوں ممالک کے مابین ثقافت اورکلچر کو فروغ حاصل ہورہاہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب ” بھارت میں کاربار کے مواقع“ کے بعد وہاں موجود میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں بھارت کے ہائی کمشنر ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات معمول کے مطابق ہیں اور خراب نہیں ہوئے تعلقات خراب ہونے کا تاثر غلط ہے ، اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے د رمیان رابطے موجود ہیں اور امید ہے کہ بہت جلد سیاسی معاملات پر بھی پیشرفت ہوگی۔

ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان کا کہنا تھا کہ خارجہ تعلقات میں ”کاما “ضرور ہے، تاہم ابھی تک کوئی ”فل سٹاپ“ نہیں آیا کہ سب رک چکا ہو ۔ ایک سوال کے جواب میں ٹی سی اے راگھوان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی نیویارک میں ملا قات نہ ہوناکوئی اچنبے یا پریشانی کی بات نہیں ہے ، دونوں ممالک کے وزراے اعظم اور سیکرٹری خارجہ ملاقات نہ ہونے سے قیامت نہیں آئے گی، انہون نے مزید بتایا کہ یہ ایک سائڈلائن متوقع ملاقات تھی جوشیڈول میں نہیں تھی اگریہ ملاقات نہیں ہوئی تو دونوں وزرائے اعظم کے مابین کوئی فل سٹاپ نہیں آیابلکہ یہ ایک ”کامہ“ ہے انہوں نے اس تاثر کو مسترد کر تے ہوئے کہ بھارت نے سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات ملتوی کئے ہیں کہا کہ ان کے ملک نے سیکریٹری خارجہ کی سطح پر مذاکرات ملتوی نہیں منسوخ کیے ہیں، جس کی وجہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کشمیری قیادت سے ملاقات ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی ہائی کمشنر کی کشمیری قیادت سے ملاقات معمول سے ہٹ کر تھی اور کشمیری قیادت کو ملاقات کیلئے ہائی کمیشن میں بلایا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دو حکومتوں کے درمیان مذاکرات میں کسی اور فریق کو نہیں لایا جا سکتا۔بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ ملاقات منسوخ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ سب ختم ہوگیا، پاکستان نے گرم جوشی دکھائی تو ہم نے بھی دکھائی۔

ایک سوال کے جواب میں بھارتی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ بھارت کے پانی چھوڑنے سے پاکستان میں سیلاب نہیں آیایہ الزام بے بنیاد ہے، بھارت میں جہلم اور چناپ پر کوئی ڈیم نہیں، زیادہ بارشیں ہونے کی وجہ سے سیلاب آیا، بگلیہار ڈیم میں تو پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت ہی موجودنہیں ہے۔ڈاکٹر ٹی سی اے راگھوان نے کہا نے پاکستان بھارت باہمی تجارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے درپیش مشکلات کو ختم کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تجارت میں موجودریڈٹیپ کو ہم ریڈکارپٹ میں بدل سکتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ تجارتی معاہدے کے حوالے سے بھارتی تجاویز حکومت پاکستان کو بھجوا دیں گئی ہیں اور اس حوالے سے جواب کا انتظار ہے تاہم ابھی تک جواب موصول نہیں ہوا ۔ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹی سی راگھون نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ثقافت اورکلچر کو فروغ حاصل ہورہاہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں نے بھارت میں دھوم مچا رکھی ہے جبکہ بالی ووڈ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی ایک نئی فلم میں مرکزی کردار پاکستانی اداکار کا ہے۔