کراچی میں کار بم دھماکہ، 2افراد جاں بحق، ایس ایس پی پولیس فاروق اعوان معمولی زخمی

جمعہ 26 ستمبر 2014 07:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26ستمبر۔2014ء) کراچی میں ایک کار بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک سینئر پولیس افسر سمیت چھ زخمی ہو گئے۔جمعرات کی رات، شہرکے پوش علاقے ڈیفنس فیز فور میں کراچی پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ کے سینیئر سپرٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) فاروق اعوان کے قافلے کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔دھماکے میں اعوان اور ان کے دو پولیس محافظ زخمی ہوئے۔

اعوان ہسپتال میں طبی امداد کے بعد گھر روانہ ہو گئے۔ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے بتایا کہ اعوان محفوظ ہیں اور انہیں معمولی زخم آئے ہیں۔عسکریت پسندوں اور خطرناک دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی نگرانی کرنے والے ایس ایس پی اعوان کی بم پروف گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ ایک پولیس وین کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

کراچی میں انسداد دہشت گردی یونٹ کے سربراہ راجا عمر خطاب کے مطابق، بارودی مواد ایک گاڑی میں نصب تھا۔

دھماکے کی شدت اتنی زور دار تھی کہ شہر کی مختلف حصوں میں اس کی آواز سنی گئی۔

جناح پوسٹ میڈیکل سینٹر کی ترجمان ڈاکٹر سیمی جمالی نے دو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔بی بی سی اردو نے ڈی آئی جی عبدالخالق شیخ کے حوالے سے بتایا کہ بم ایک چھوٹی گاڑی میں نصب تھا جو سڑک کنارے کھڑی کی گئی تھی اور جیسے ہی فاروق اعوان کی گاڑی وہاں سے گزری ہے تو ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا گیا۔

بی بی سی اردو کے مطابق، ڈی آئی جی شیخ نے بتایا کہ فاروق اعوان پر ہونے والے حملے اور ایس ایس پی چوہدری اسلم پر حملے میں کچھ مماثلت نظر آتی ہے۔بی بی سی اردو کے مطابق، فاروق اعوان پر یہ تیسرا حملہ تھا۔ اس سے پہلے سال 2002 میں ان پر بم حملہ ہوا تھا جبکہ تین سال قبل سھراب گوٹھ میں شدت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہو گئے تھے۔