سانحہ ماڈل ٹاوٴن ایک سازش ، بھانڈا جلد پھوٹ جائیگا، پرویز رشید ، تحریک انصاف، عوامی تحریک خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہیں ہیں، دھرنوں کاکوئی اصلاحی ایجنڈانہیں بلکہ پاکستان کے خلاف ایک سازش ہے، عوام نے جمہوریت کیخلاف ہونے والی اس سازش کومستردکردیاہے ،،چونکہ عوام جان چکے ہیں چندسیاسی چال بازایسے مذموم مقاصدکیلئے جمہوری نظام کوغیرمستحکم کرناچاہتے ہیں، وزیر اطلاعات کا غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو

جمعرات 25 ستمبر 2014 08:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء)وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹرپرویزرشیدنے کہاہے کہ تحریک انصاف اورعوامی تحریک کے غیرقانونی دھرنے کوختم کرنے کیلئے حکومت فورسزکااستعمال کرنے سے گریزاں ہے ،چونکہ دونوں جماعتیں خواتین اوربچوں کوڈھال کے طورپراستعمال کررہی ہیں ،ان دھرنوں کاکوئی اصلاحی ایجنڈانہیں بلکہ پاکستان کے خلاف ایک سازش اورجمہوریت کوغیرمستحکم کرنے کامذموم مقصدہے ۔

بدھ کے روزغیرملکی میڈیاکودیئے گئے ایک انٹرویومیں وفاقی وزیراطلاعات نے کہاہے کہ پاکستانی عوام نے جمہوریت کیخلاف ہونے والی اس سازش کومستردکردیاہے ،،چونکہ عوام جان چکے ہیں چندسیاسی چال بازایسے مذموم مقاصدکیلئے جمہوری نظام کوغیرمستحکم کرناچاہتے ہیں ۔انہوں نے پی ٹی وی پرحملہ کرنے والے لوگ ٹیکنیکل لوگ تھے اورمنصوبے کے تحت ٹرانسمیشن ونگ میں داخل ہوئے ،حملہ آووروں نے طاہرالقادری اورعمران کی ہدایت کے پرعمل کیا،وزیراطلاعات نے ان افواہوں کوبے بنیادقراردیاکہ پی ٹی وی پرحملے میں پی ٹی وی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام شامل تھے اورجوطاہرالقادری اورعمران خان کونقصان پہنچانے کے لئے ایساکیاگیا۔

(جاری ہے)

پرویزرشیدنے کہاکہ اگرایساہوتاتوپی ٹی وی پرحملے اورٹرانسمیشن بندکرانے کے بعدطاہرالقادری اورعمران خان نے اپنے کارکنوں کومبارکبادکیوں دی؟کنٹینرزپرکھڑے ہوکروکٹری کانشان کیوں بنایا۔وزیراطلاعات نے کہاکہ پی ٹی وی پرحملے کے بعدہم نے پی ٹی وی انجینئرزکااجلاس طلب کیا۔تمام انجینئرزنے تصدیق کی کہ چندحملہ آورلائیوٹرانسمیشن کے حوالے سے مکمل طورپرباخبرتھے اورآپس میں بات چیت کے دوران ٹیکنیکل ٹرمنالوجی استعمال کررہے تھے ۔

ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ طاہرالقادری دوہری شہریت کے حامل ہیں اوروہ اب پاکستان میں آئے بھی توپاکستانی شہری ان کوپاکستانی خواتین کااحترام کرناہوگا۔حکومت پاکستان نے طاہرالقادری کے غیرقانونی اقدام کے حوالے سے کینیڈین ہائی کمشنرسے کوئی شکایت نہیں کی ۔لندن منصوبے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پرپرویزرشیدنے کہاکہ ہمیں لندن پلان بارے جاویدہاشمی کے انکشافات اورطاہرالقادری کے بیانات کے ذریعے معلومات حاصل ہوئی ہیں ۔

جاویدہاشمی کے انکشافات سے معلوم ہواکہ لندن پلان دراصل پاکستان میں جمہوریت ختم کرنے کامنصوبہ تھا۔ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کے آئے روزبدلتے ہوئے بیانات کے حوالے سے ایک سوال پروزیراطلاعات نے کہاکہ الطاف حسین کافی عرصے سے متضادبیانات دے رہے ہیں ،کبھی وہ پاکستان میں جمہوریت کے دفاع اورکبھی جمہوریت اورپارلیمنٹ کے خلاف بیانات داغ دیتے ہیں ،سانحہ ماڈل ٹاوٴن لاہورکے حوالے سے پرویزرشیدنے کہاکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ میں یہ اشارے ملے ہیں کہ یہ واقعہ بھی حکومت کے خلاف ایک سازش تھی چونکہ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ چندایسے لوگ بھی شامل ہیں جوپولیس اہلکارنہیں تھے ،لیکن انہوں نے ہتھیاروں کااستعمال کیااورلوگوں پرفائرنگ کی ۔

تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بھی کہاگیاکہ تشددکی ابتداء پاکستانی عوامی تحریک کے کارکنوں کی جانب سے کی گئی جبکہ طاہرالقادری کے وہ بیانات بھی ریکارڈپرموجودہیں ،جس میں انہوں نے سوشل میڈیاکے ذریعے کارکنوں کوتشددکرنے پراکسایا۔انہوں نے کہاکہ طاہرالقادری واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن اورمشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ۔وزیراطلاعات نے اس امیدکااظہارکیاکہ سانحہ ماڈل ٹاوٴن کے پیچھے کون تھااوریہ کس کی سازش تھی اس کابھانڈاجلدپھوٹ جائیگا۔ایک سوال پروزیراطلاعات نے کہاکہ سابق صدرپرویزمشرف کے بعض ساتھی سازشوں میں مصروف ہیں چونکہ وہ آج کل بے روزگارہیں اوراوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے اقتدارمیں آناچاہتے ہیں ۔