پاکستان کا گلوبل کاونٹر ٹیررزم فورم کی مکمل حمایت کا اعلان، دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کے ساتھ ہیں ، انتہا پسندانہ رحجانات کے خاتمے کیلئے ترقی پسند سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ، سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری

جمعرات 25 ستمبر 2014 08:12

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء)پاکستان نے انتہا پسندی سے نمٹنے اور فوجداری انصاف اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے گلوبل کاونٹر ٹیررازم فورم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔اس عزم کا اظہار سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے نیویارک میں فورم کے پانچویں وزارتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی دہشت گرد جنگجووٴں کے خلاف کوششوں میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ ہے۔ انتہا پسندی سے نمٹنے اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے عالمی برادری کی مکمل حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ہمیں شدت پسند مکالمے کا جواب منطقی انداز میں دینے، نوجوانوں کے لئے معاشی مواقع پیدا کرنے اور کشیدگیوں کی وجوہات کے خاتمے کے لئے مربوط حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔

اعزاز چوہدری نے انتہا پسندانہ رحجانات کے خاتمے کیلئے ترقی پسند سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا جس میں ایسا ماحول پیدا کرنابھی شامل ہے کہ نوجوانوں کو روزگارملے اور سیاسی محرومیوں کا خاتمہ ہو۔

سیکرٹری خارجہ نے ایشیاء سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملک کو خطے کے درمیان تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زیادہ سے زیادہ خوشحالی کیلئے یورپی یونین اور آسیان کی طرز پر اقتصادی تعاون تنظیم کے ملکوں کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کاسا1000 اور Tapi گیس پائپ لائن منصوبوں کو جلد حتمی شکل دے کر ان پر عملدرآمد کرانے کا عزم کر رکھا ہے تاکہ ملک کی توانائی کی قلت پوری کی جا سکے اور خطے کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔

متعلقہ عنوان :