پاکستان کی بقاء اور سالمیت کیلئے حکومت او ر تمام سیاسی جماعتیں یکجا ہیں،عابد شیر علی، 60 دنوں تک بجلی بل کی ادائیگی نہ کرنے پر بنی گالہ کی بجلی کا کنکشن کاٹ دیا جائے گا، عمران خان قانون سے بالاترنہیں ہیں،وزیر مملکت پانی و بجلی

جمعرات 25 ستمبر 2014 08:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء ) وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابدشیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقاء اور سالمیت کیلئے حکومت او ر تمام سیاسی جماعتیں یکجا ہیں 60 دنوں تک بجلی بل کی ادائیگی نہ کرنے پر بنی گالہ کی بجلی کا کنکشن کاٹ دیا جائے گا، عمران خان قانون سے بالاترنہیں ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی وزیرمملکت نے کہا کہ حالیہ دھرنوں سے ملکی معیشت اور عوام کو شدید نقصان اٹھانا پڑرہا ہے اور ملک میں انتشار اور نفرت کی سیاست کو فروغ دینے کے لئے عمران خان اور طاہرالقادری کی جانب سے غیر شائستہ تقاریر کی جارہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے ا نگریزی میں اپنے خطاب کے دوران امن کا بھاشن دیتے ہیں جبکہ اردو میں اپنی تقاریر میں اٹھارہ کروڑ عوام کو خون خرابے پر اکساتے ہیں عابدشیر علی نے کہا کہ کینیڈا اور لندن میں عمران خان اورطاہرالقادری تمام قوانین پرعملدرآمد کرتے ہیں جبکہ اپنے ملک میں سول نافرمانی کرنے کے احکامات جاری کردیئے جاتے ہیں وزیرمملکت نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری نے بارہا لندن میں ہونے والی ملاقاتوں سے متعلق آنے والی خبروں کی نفی کی ہیں لیکن لندن پلان کے مکمل طورپر ناکام ہونے پر آج ان ملاقاتوں کی تائیدکررہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے عوام سے جھوٹ بولا ہے کہ وہ جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کے لئے بنائے گئے پلان کا حصہ نہیں

عابدشیر علی نے کہا کہ چائنا کے صدر کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے سے 33 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ملک میں ہونے سے رہ گئی جو پاکستان اور اس کے عوام کا بہت بڑا نقصان ہے انہوں نے کہا کہ دس لاکھ آئی ڈی پیزوالے صوبے کا وزیراعلیٰ ان آئی ڈی پیز کی بے بسی پر ناچ رہا ہے جبکہ بلوچ رہنماء نواب بگٹی کے قتل میں ملوث کابینہ کے ارکان شیخ رشیداور طاہرالقادری آج قوم کی سلامتی کی بھاشن دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کاعمران خان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے بلوچستان کی ترقی سے متعلق وزیرمملکت نے کہا کہ بلوچستان سے اندھیروں کے خاتمے کیلئے مزید گرڈ اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کواس وقت پندرہ سو میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے جس میں سے 800 میگا واٹ فراہم کی جارہی ہے تاہم ان گرڈ کی تکمیل سے صوبے میں انرجی سہولیات کی فراہمی میں مزیداضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

اضافی بلوں کی ادائیگی سے متعلق وزیرمملکت نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تین غیر جانب دار محکموں پرمشتمل آڈٹ کمیشن تشکیل دے دیاگیا ہے جو تین ہفتوں میں اپنے رپورٹ ایوان میں پیش کرے گا جس کو عوام کے سامنے بھی لایا جائے گا۔