بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر سندھ پولیس میں خاتون اہل کاروں کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے،آئی جی سندھ ، پولیس میں خواتین کی بھرتی کا حکم نہیں دیا، صرف سندھ حکومت کو مشورہ دیا تھا،بلاول

جمعرات 25 ستمبر 2014 08:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء)آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر سندھ پولیس میں خاتون اہل کاروں کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے، دوسری جانب بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پولیس میں خواتین کی بھرتی کا حکم نہیں دیا، صرف سندھ حکومت کو مشورہ دیا تھا۔

(جاری ہے)

کراچی میں میڈیا سے بات چیت میں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے بتایا کہ سندھ میں خواتین پولیس اہل کاروں کی تعداد بہت کم ہے، ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکم دیا ہے کہ سندھ پولیس میں خاتون اہل کاروں کی تعداد بڑھائی جائے۔

بلاول بھٹو کے براہ راست احکامات پر تنقید ہوئی تو انھوں نے سماجی ویب سائیٹ پر واضح کیا کہ انہوں نے اس بارے میں سندھ حکومت کو احکامات نہیں دیے، وہ حکومت کو صرف مشورہ ہی دے سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ خواتین پولیس اہل کاروں کی بھرتی ان کی خواہش نہیں ، پارٹی پالیسی ہے۔