عمران خان کا ڈاکٹر طاہر القادری کو ٹیلیفون، خیریت دریافت کی ، صحت کیلئے واک کرنے کا مشورہ، قائد عوامی تحریک نے شکریہ کے ساتھ معذرت کرلی، ٹیلیفونک رابطے میں دھرنوں کی آئندہ حکمت عملی پر بھی غور کیاگیا،بڑے کزن نے چھوٹے کو اپنے کنٹینر میں مدعو کرلیا،چیئرمین تحریک انصاف نے دعوت قبول کرلی

جمعرات 25 ستمبر 2014 07:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء) عمران خان کا ڈاکٹر طاہر القادری کو ٹیلیفون، خیریت دریافت کی ، صحت کیلئے واک کرنے کا مشورہ، قائد عوامی تحریک نے شکریہ کے ساتھ معذرت کرلی، ٹیلیفونک رابطے میں دھرنوں کی آئندہ حکمت عملی پر بھی غور کیاگیا، بڑے کزن نے چھوٹے کو اپنے کنٹینر میں مدعو کرلیا،چیئرمین تحریک انصاف نے دعوت قبول کرلی۔

ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایاکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی جس پر ڈاکٹر طاہر القادری نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ عمران خان نے ڈاکٹر طاہر القادری کو مشورہ دیا کہ اپنی صحت کی بہتری کیلئے آب و ہوا کی تبدیلی ضروری ہے اور اس کیلئے چاہیے کہ آپ کنٹینر سے کچھ دیر کیلئے نکلیں اور واک کریں اس طرح آپ کی صحت بہتر ہوجائیگی

جس پر ڈاکٹر طاہر القادری نے معذرت کرتے ہوئے کہاکہ وہ فی الوقت اپنی مصروفیات کے باعث ایسا نہیں کرسکتے امید ہے وہ جلد صحت یاب ہوجائینگے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایاکہ عمران خان اور طاہر القادری کے ٹیلیفونک رابطے میں دھرنوں کی آئندہ حکمت عملی پر بھی غور کیاگیا اور عید قربان کے قبل دھرنے ختم کرنے یا نہ کرنے بارے بھی مشاورت کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے عمران خان کو اپنے کنٹینر میں آنے کی دعوت دی ہے جسے عمران خان نے قبول کر لیا ہے۔ تاہم وہ کب اور کس وقت طاہر القادری سے ملاقات کیلئے جائیں گے اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ تین چار روز سے قائد عوامی تحریک کی طبیعت ناساز ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔