ڈیرہ اسماعیل خان‘ تحریک انصاف کے صوبائی وزیر سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور جعلی ڈگری پر نااہل قرار، میٹرک سے لیکر گریجویشن سمیت تمام دینی اسناد درست ہیں ، الیکشن ٹریبونل ڈیرہ اسماعیل خان نے بھی ان کو اصل قرار دیا ہے۔سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور ، ناہلی سے متعلق فیصلہ محض معمولی وجوہات پر دیا گیا ہے جس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رہا ہوں،وضاحتی بیان

جمعرات 25 ستمبر 2014 07:51

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء) الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کے صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور کی ڈگری جعلی ثابت ہونے پر نااہل قرار دے دیا۔ بدھ کے روز الیکشن ٹربیونل پشاور میں تحریک انصاف کے صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور کے جعلی ڈگری کیس کی سماعت ہوئی جوکہ سردار اکرام خان کیخلاف پی کے 67 کلاچی سے فتح اللہ خان میانخیل نے دائر کی تھی۔

صوبائی وزیر زراعت کی ڈگری جعلی ثابت ہونے پر الیکشن ٹربیونل نے سردار اکرام اللہ خان کو نااہل قرار دے دیا۔ واضح رہے کہ سردار اکرام اللہ خان کے بھائی خودکش حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے جن کی پی کے 67 کلاچی کی سیٹ سے اکرام اللہ خان الیکشن لڑ کر کامیابی کے بعد تحریک انصاف کے صوبائی وزیر زراعت منتخب ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ادھرخیبر پختونخوا کے وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ ان کی میٹرک سے لیکر گریجویشن سمیت تمام دینی اسناد درست ہیں اور الیکشن ٹریبونل ڈیرہ اسماعیل خان نے بھی ان کو اصل قرار دیا ہے۔

ان کی ناہلی سے متعلق فیصلہ محض معمولی وجوہات پر دیا گیا ہے جس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کررہے ہیں۔ انہوں نے بدھ کے روز یہاں سے جاری ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ الیکشن ٹریبونل نے ان کو محض اس لئے نا اہل قرار دیا ہے کہ 2008 اور 2013 کے انتخابات میں الیکشن فارم میں شہادت العلمیہ کی سند کا زکر نہیں کیا گیا تھا جبکہ الیکشن کے لئے بی اے کی ڈگری شرط ہے اور انہوں نے گریجویشن کی ہوئی ہے اس لئے انہوں نے 2008 اور 2013 کے انتخابات میں الیکشن فارم میں صرف بی اے کی ڈگری کا ذکر کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ محض شہادت العلمیہ کی ڈگری کا الیکشن فارم میں ذکر نہ کرنے پر ٹریبونل نے نااہلی کا فیصلہ سنایا ہے۔ سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے کے لئے پراپرٹی ٹیکس ، اسناد سمیت تما م تقاضے پورے کئے تھے ۔ فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رہے ہیں اور انشاء اللہ کامیابی ہماری ہو گی ، مخالفین اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔