اسلام آباد، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے پی ٹی آئی کے اجتماعی مستعفی اراکین کو بلانے کامطالبہ مسترد کر دیا،شاہ محمود قریشی اور عارف علوی کو علیحدہ علیحدہ خطوط کے ذریعے آگاہ کردیا، پاکستان تحریک انصاف کے استعفیٰ دینے والے ارکان پارلیمنٹ کا انفرادی طور پر سپیکر قومی اسمبلی کے روبرو پیش ہونے سے انکار ،سپیکر قومی اسمبلی سب کو ایک ساتھ طلب کریں

جمعرات 25 ستمبر 2014 07:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے تحریک انصاف کے اجتماعی طور پر تمام مستعفی اراکین کو بلانے کامطالبہ مسترد کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی اور عارف علوی کو علیحدہ علیحدہ خطوط کے ذریعے آگاہ کردیاہے،سپیکر نے کہاہے کہ ہر رکن انفرادی حیثیت سے تصدیق کرے کہ اس نے بغیر کسی دباؤ کے استعفیٰ دیا اور اس کے دستخط اصلی ہیں، قومی اسمبلی کی کارروائی اور طریق کار کے قواعد 2007 کے رولز 43(2)b کے تحت مستعفی اراکین کو سپیکر کے روبرو لاکر مطمئن کرنا لازم ہے ۔

بدھ کی شام قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مخدوم شاہ محمود حسین قریشی اور چیف وہپ ڈاکٹر عارف علوی کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ استعفے دینے والے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی انفرادی طور پر اسپیکر چیمبر میں تشریف لاکر اس بات کی تصدیق کریں کہ سیکریٹریٹ کو موصول ہونے والے استعفے میں ان کے دستخط اصلی ہیں اور انہوں نے بغیر کسی دباؤ کے استعفیٰ دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں کاروائی اور طریق کار کے قواعد 2007کے رولز 43(2)bکے تحت مستعفی ہونے والے رکن قومی اسمبلی کو اسپیکر کے روبرو تشریف لاکر مطمئن کرنا لازم ہے کہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا ہے اور یہ استعفیٰ اصلی ہے ۔ اس کے لیے لازم ہے کہ متعلقہ ممبر قومی اسمبلی اسپیکر کے سامنے انفرادی طور پر تشریف لائیں گے نہ کہ اجتماعی صورت میں۔

اس تناظر میں قومی اسمبلی نے مستعفی ہونے والے PTIکے ممبران قومی اسمبلی کو جن مقررہ تاریخوں میں تشریف لانے کے لیے مطلع کیا تھا وہ انہیں مقررہ تاریخوں اور اوقات میں تشریف لائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مخدوم شاہ محمود حسین قریشی اور ڈاکٹر عارف علوی نے ایک خط کے ذریعے اسپیکر قومی اسمبلی کو استدعا کی تھی کہ PTIکے تمام مستعفی ہونے والے ارکان کو انفرادی حیثیت میں بلانے کے بجائے اکٹھا بلایا جائے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے استعفیٰ دینے والے ارکان پارلیمنٹ نے انفرادی طور پر سپیکر قومی اسمبلی کے روبرو پیش ہونے سے انکار کردیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی سب کو ایک ساتھ طلب کریں ۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی سربراہی کے بعد سینئر نائب صدر شاہ محمود قریشی نے گفتگو میں کہا کہ آئین کا احترام کرتے ہیں پارلیمانی پارٹی اجلاس میں سپیکر کے خطوط کو زیر غور لایا گیا فیصلہ کیا ہے کہ کوئی رکن ذاتی طورپر پیش نہیں ہوگا ہم جمہوریت کیخلاف نہیں حکومت اور سپیکر پارلیمانی روایات کی پاسداری اور احترام کریں ۔

سیاسی جرگہ نے اپنا کردار ادا کیا ہے مگر حکومت اپنا کردار ادا نہیں کررہی ہے حکومت نے سیاسی جرگہ کی تجاویز پر بھی عمل نہیں کیا استعفیٰ نہ دینے والے تین ارکان کیخلاف کارروائی کرینگے انہوں نے کہا کہ سپیکر تمام ممبران کو اکھٹے بلائیں حکومت مذاکرات کے بارے میں ابہام کا شکار ہے ہمارا مقصد جمہوریت کو نقصان پہنچانا نہیں سیاسی انداز میں بات چیت کرنے کو تیار ہیں حکومت سیاسی جرگے کو اہمیت نہیں دے رہی استعفوں کی تصدیق کے لیے مرحلہ وار طلبی ناقابل فہم ہے ۔د