الیکشن کمیشن نے 2013کے عام انتخابات کی کوئی رپورٹ شائع نہیں،سیکرٹری الیکشن کمیشن، ویب سائٹ پر رپو رٹ نہیں سفارشات تھیں جنہیں ان دیکھے رپورٹ بنا دیا گیا ، بیان ،الیکشن کمیشن کا انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے مفصل رپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ ، 26ستمبر کو الیکشن کمیشن کا اجلا س طلب ، اجلاس میں انتخابات میں دھاندلی ، انگھوٹوں کی تصدیق سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا

جمعرات 25 ستمبر 2014 07:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء)سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2013کے عام انتخابات کی کوئی رپورٹ شائع نہیں کی بلکہ یہ سفارشات تھیں جنہیں ان دیکھے رپورٹ بنا دی گئی ان سفارشات کو پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحاتی میں پیش کر چکے ہیں بدھ کو سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے رپورٹ تیار ہو رہی ہے اسے حتمی نہیں کیا گیا اور جو ویب سائٹ پر یہ سفارشات ہیں انہیں رپورٹ کا نام نہ دیا جائے کیونکہ ان سفارشات کو پہلے ہی پارلیمانی کمیٹی میں شامل کر چکے ہیں کیونکہ سفارشات کو رپورٹ کا نام دے کر غلط فہمیاں پھیل رہی ہیں

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے مفصل رپورٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں پی سی ایس آئی آر کے حکام کو 26ستمبر کو طلب کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 26ستمبر کو اجلاس بلایا جس کی صدارت قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس انور ظہیرجمالی کرینگے ۔ اجلاس میں انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے بیلٹ پیپر کی فراہمی ، مقناطیسی سیاہی کی تیاری اور نادرہ کی جانب سے انگھوٹوں کی تصدیق کے حوالے سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا اور اس اجلاس کا مقصد آئندہ انتخابات کو اس تمام تر صورتحال سے بچانے کیلئے اقدامات کی تیاری کی جائے گی اور اس کی روک تھام کیلئے حکومت کو الیکشن کمیشن قوانین پر مزید قانون سازی کرنے کیلئے حکومت کو سفارش کی جائے گی ۔