افسر اورجوان فوج کے روایتی غیر متزلزل جذبے اور پختہ عزم کے ساتھ قوم کی خدمت جاری رکھیں ،جنرل راحیل شریف،چیف آف آرمی سٹاف کا گلگت کا دورہ ، نادرن لائٹ انفینٹری رجمنٹل سینٹر بنجی میں کمانڈنگ افسروں کی سالانہ کانفرنس میں شرکت،آرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش ،یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی

جمعرات 25 ستمبر 2014 07:38

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے افسروں اورجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ فوج کے روایتی غیر متزلزل جذبے اور پختہ عزم کے ساتھ قوم کی خدمت جاری رکھیں۔آرمی چیف نے بدھ کو گلگت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نادرن لائٹ انفینٹری رجمنٹل سینٹر بنجی میں کمانڈنگ افسروں کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کی۔یہاں پہنچنے پرآرمی چیف نے مادر وطن کے دفاع کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اوریادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر این ایل آئی رجمنٹ کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کے بلند جذبے،آپریشنل تیاریوں اور انتہائی مشکل سرحد پر بھرپور نظر رکھنے کو سراہا۔

انہوں نے افسروں اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ فوج کے غیر متزلزل جذبے اور پختہ عزم کی روشن روایت کو پروان چڑھاتے ہوئے قوم کی خدمت جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں آرمی چیف نے ریٹائرڈ فوجیوں سے بھی ملاقات کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ملک کیلئے خدمات کو سراہا۔

آرمی چیف نے این ایل آئی رجمنٹ کے نئے کرنل کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق کو بیج بھی لگائے۔قبل ازیں رجمنٹل سنٹر آمد پر راولپنڈی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل قمرجاوید باجوہ اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق نے آرمی چیف کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

متعلقہ عنوان :