شمالی وزیرستان‘ دتہ خیل میں گاڑی اور گھر پر امریکی ڈرون حملہ‘ 8 افراد ہلاک، ہلاک ہونے والوں میں 6 غیرملکی دہشت گرد بھی شامل،پاکستان کی دتہ خیل میں امریکی ڈرون حملے کی مذمت ،پاکستان ان حملوں کو اپنی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کی خلاف ورزی سمجھتا ہے، شمالی وزیرستان میں جاری فیصلہ کن کارروائی کے بعد ایسے حملوں کی کوئی ضرورت نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 25 ستمبر 2014 07:34

شمالی وزیرستان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25ستمبر۔2014ء) شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ڈرون طیارے کے گاڑی اور گھر پر میزائل حملے میں چھ مقامی اور دو غیر ملکی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے آلوڑہ منڈی میں ڈرون طیارے نے ایک گھر اور گاڑی پر چار میزائل داغے جس کے نتیجے میں چھ مقامی اور دو غیر ملکی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

واقعہ کے بعد ڈرون طیاروں کی پروازوں کا سلسلہ جاری رہا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ میں گاڑی اور گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے جسے مقامی لوگوں نے قبضے میں لے کر صفائی کا کام شروع کردیا۔

ادھرپاکستان نے شمالی وزیر ستان میں امریکی ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ہماری خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں امریکی ڈرون حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان ان حملوں کو اپنی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کی خلاف ورزی سمجھتا ہے۔حکومت پاکستان اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف شمالی وزیرستان میں جاری فیصلہ کن کارروائی کے بعد ایسے حملوں کی کوئی ضرورت نہیں۔ترجمان نے کہا کہ اسی لئے ہم ایسے حملے ختم کرنے پر زور دیتے ہیں