عدالتی فیصلے تک گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج کی وصولی جاری رہے گی ،شاہد خاقان عباسی ، جی آئی ڈی سی کی مد میں ابھی تک 84 ارب روپے وصول کئے جا چکے ہیں،100 ارب روپے کی لاگت سے نارتھ ساؤتھ پائپ لائن کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے ،ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھایا جائے گا، نیشپا آئل فیلڈ کے حوالے سے معاملات میں خرد برد کی تحقیقات جارہی ہیں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 24 ستمبر 2014 08:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج جی آئی ڈی سی کے حوالے سے سپریم کورٹ میں ایک ریونیو پٹیشن فائل کر دی ہے ۔گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سرچارج کا آغاز2011 میں ہوا تھا اور اس مد میں ابھی تک 84 ارب روپے وصول کئے جا چکے ہیں جو کہ اکاؤنٹ میں موجود ہیں ۔

منگل کے روز وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جی آئی ڈی سی کا آغاز2011 میں ہوا تاہم معاملہ بعد ازاں عدالت میں چلا گیا اس حوالے سے اب وزارت نے ریونیو پٹیشن دائر کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جی آئی ڈی سی ٹیکس نہیں بلکہ ایک فیس کا نام ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب تک معاملہ عدالت میں زیر غور ہے اور جی آئی ڈی سی کی وصولی جاری رہے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت پٹرولیم سے سی این جی ،کھادوں اور چند دیگر شعبوں سے کافی وصولیاں کرنا ہیں۔100 ارب روپے کی لاگت سے نارتھ ساؤتھ پائپ لائن کا منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جس کے ذریعے ایل این جی کے لئے سی این جی کراچی سے لاہور تک پہنچائی جائے گی اور اس حوالے سے ایک ارب کیوبک فیٹ کی گنجائش ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ جونہی ایران سے عالمی پابندیاں اٹھائی جائیں گی ۔

ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھایا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی خیبر پختونخواہ خٹک نے تحریری طور پر صاف الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ وہ گیس چوری کے خیبر پختونخواہ میں ہونے والے واقعات کی روک تھام میں کسی قسم کی مدد فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔ایل این جی کے آنے تک انڈسٹری کو سی این جی فراہم نہیں کی جائے گی ۔

قطر کے ساتھ ایل این جی کی درآمد کے حوالے سے بات چیت جاری ہے تاہم اس کے نرخوں پر بات چیت ابھی شروع نہیں ہوئی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وصولیاں ہر حال میں مکمل کی جائیں گی اور اس حوالے سے سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ نیشپا آئل فیلڈ کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے نیشیا معاملات میں خرد برد پر تحقیقات کی جارہی ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔

گیس قیمتوں پرغور کے لئے وزارت نے چند مخصوص سیزیو بنائے ہیں جن کے مطابق گیس نرخوں کا تعین کیا جائیگا۔ پٹرولیم ہاؤس کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہاں کے حالات دیکھ کر افسوس ہوا اور اربوں روپے کی زمین ضائع ہو رہی ہے ۔ ایل این جی ٹرمینل کے حوالے سے روز ایشو پیدا ہوئے اور ختم ہوتے رہتے ہیں تاہم انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت ایل این جی کی درآمد کے حوالے سے انفراسٹرکچر قائم کررہی ہے جس کو ایل این جی کی درآمد کے لئے استعمال کیا جائیگا تاہم اس کے استعمال کی قیمت وصول کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ان کا کوئی بھی رشتہ دار سی این جی کے کاروبار میں نہیں ہے۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں اضح کیا ہے گیس چوری یو ایف جی کا حصہ ہے تاہم اس حوالے سے نقصانات کا تخمینہ لگانا ابھی ممکن نہیں ہے اور اس حوالے سے مکمل اعدادو شمار ابھی موجود نہیں ہیں۔منصوبے کے لئے تعمیر شدہ انفراسٹرکچر کو ایل این جی کی درآمد کے لئے استعمال کرنے کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور انفراسٹرکچر کو استعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ وہ ایک ملکی انفراسٹرکچر ہے جو کہ گوادر سے نوابشاہ تک جائے گی اور ملکی سطح پر ایل این جی کی درآمد کے لئے بھی استعمال ہو سکے گی۔