ملک بھر سے جامع سکیورٹی حکمت عملی کے تحت دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرکے دم لینگے،مسلح افواج کی قیادت کا عزم، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت ، پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور سیلاب زدگان کے لئے امدادی کارروائیوں پر مکمل اطمینان کا ا ظہار

بدھ 24 ستمبر 2014 08:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24ستمبر۔2014ء) مسلح افواج کی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک بھر سے جامع سکیورٹی حکمت عملی کے تحت دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرکے دم لینگے جبکہ جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت ، پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور سیلاب زدگان کے لئے امدادی کارروائیوں پر مکمل اطمینان کا ا ظہار کیا ہے ۔

جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس منگل کو جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹر میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی صدارت میں ہوا جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ ، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ ، سیکرٹری دفاع اور تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی افسران نے شرکت کی

۔

(جاری ہے)

یہ جے سی ایس سی کا سہ ماہی اجلاس تھا جس میں اعلیٰ فوجی قیادت نے تینوں مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا اور خاص طور پر مشترکہ کارروائیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شرکاء نے دہشتگردی کی لعنت کیخلاف اقدامات اور آپریشن ضرب عضب میں اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کااظہار کیا ۔ شرکاء نے ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاریوں کے معیار کو بھی سراہا ۔

شرکاء نے ملک کے طول و عرض میں حالیہ شدید سیلاب کے بعد پاک فوج کی امدادی اور بحالی کارروائیوں کی بھی تعریف کی ۔ اجلاس کے اختتام پر مسلح افواج نے اس عزم کو دوہرایا کے ملک بھر سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیاجائے گا اور یہ مشن جامع سکیورٹی حکمت عملی کے تحت پایہ تکمیل کو پہنچے گا ۔

متعلقہ عنوان :