مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بری طرح تباہی ہوئی ،سید علی گیلانی،پاکستانی حکومت نے بھی کوئی نوٹس نہیں لیا،ابھی تک سیلابی پانی اور کیچڑ میں لاشیں پھنسی ہیں، بھارتی حکومت نے لوگوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے اور ریسکیو کا کوئی کام نہیں کیا ،بزرگ رہنما کی سراج الحق سے ٹیلیفونک گفتگو

منگل 23 ستمبر 2014 04:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23ستمبر۔2014ء)مقبوضہ کشمیر کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بری طرح تباہی ہوئی ہے جس کا پاکستانی حکومت نے بھی کوئی نوٹس نہیں لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک سیلابی پانی اور کیچڑ میں لاشیں پھنسی ہوئی ہیں ۔

بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی کے بعد ریسکیو کا کوئی کام نہیں کیا ۔ کشمیری عوام نے عالمی سطح پر ہیومن رائٹس کی تنظیموں سے مدد کرنے کا مطالبہ کیاتھالیکن بھارت عالمی رفاہی تنظیموں کے امدادی کاموں میں بھی رکاوٹیں کھڑی کر رہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیں بے شک امداد نہ دے لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام پر جو گزر رہی ہے اسے عالمی سطح پر اجاگرکرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سید علی گیلانی کویقین دلایا کہ جماعت اسلامی اپنے کشمیری بھائیوں کی امداد کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اگرچہ سیلاب نے پنجاب اور آزاد کشمیر میں بھی شدید تباہی مچائی ہے لیکن اس کے باوجود ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں سیلاب زدگان نہ صرف مدد کی جائے گی بلکہ عالمی رفاہی اداروں اور فلاحی تنظیموں کو بھی اس طرف متوجہ کیا جائے۔