لاہور، سنٹر ماڈل سکول کے تہہ خانہ میں آتشزدگی کے حادثہ میں قیمتی ریکارڈ جل کر تباہ ہو گیا،سکول کے تہہ خانے میں الیکشن کمیشن کا سامان موجود تھا تاہم بیلٹ پیپرز سمیت دیگر انتخابی سامان موجود نہیں تھا‘قائم مقام الیکشن کمشنر پنجاب، فون پر اطلاع ملنے پرسکول پہنچا2013 سے الیکشن کا سامان موجود ہے‘ ای ڈی او ایجوکیشن

منگل 23 ستمبر 2014 04:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23ستمبر۔2014ء) صوبائی دارالحکومت میں سنٹر ماڈل سکول کے تہہ خانہ میں آتشزدگی کے حادثہ میں قیمتی ریکارڈ جل کر تباہ ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 کے آگ بجھانے کے عملہ نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سکول کے تہہ خانہ میں الیکشن کمیشن کا ریکارڈ حفاظت کے لئے رکھا گیا تھا آگ لگنے سے الیکشن کمیشن کا ریکارڈ متاثر ہوا ہے مگر اس میں الیکشن 2013ء کے استعمال شدہ بیلٹ پیپر نہ تھے۔

تفصیلات کے مطابق ریٹی گن روڈ پر واقع سنٹرل ماڈل سکول کے تہہ خانے میں اچانک آگ بھڑ ک اٹھی۔امدادی ٹیموں نے پہنچ کرکافی تگ ودوکے بعد آگ پرقابوپالیا ۔

(جاری ہے)

قائم مقام الیکشن کمشنر پنجاب خلیق الرحمان نے بتایاکہ سکول کے تہہ خانے میں الیکشن کمیشن کا سامان موجود تھا تاہم بیلٹ پیپرز سمیت دیگر انتخابی سامان موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے سکول کا تہہ خانہ کرائے پر لیا ہوا تھا اور اس میں صرف اسٹیشنری موجود تھی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن الیکشن کمیشن پنجاب عبدالحمید نے کہا کہ گودام میں ریزور سامان تھا، جو ضمنی الیکشن میں استعمال ہونا تھا ، الیکشن 2013 کا ریکارڈ ڈی سی او آفس میں محفوظ ہوتا ہے

جبکہ ای ڈی او ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ فون پر اطلاع ملنے پرسکول پہنچا2013 سے الیکشن کا سامان موجود ہے، بظاہر آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔دوسری جانب سکول میں ریکارڈ جلنے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک نے جمع کرائی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا اہم ریکارڈ جلنے سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، حکومت نے الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں، آگاہ کیا جائے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا کافی زیادہ سامان تھا تاہم چند تھیلے ہی جلے ہیں اور آگ لگنے کی وجہ بارے ابھی نہیں بتایا جا سکتا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن عبدالحمید کا کہنا تھا کہ جو سامان تہہ خانے میں موجود تھا وہ ضمنی الیکشن میں استعمال ہونا تھا کوئی بھی استعمال شدہ سامان یہاں موجود نہیں تھا‘ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ریکارڈ والے سکول میں آگ لگی نہیں لگوائی گئی ہے تاکہ نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری -