نبیل گبول نے لیاری میں لاقانونیت سے متعلق عمران خان کے بیان کی تائید کردی ،حکمران یہاں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی کو جلسے پر پیشگی مبارکباد دی تھی،رہنما ایم کیو ایم

پیر 22 ستمبر 2014 08:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22ستمبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء نبیل گبول نے لیاری میں لاقانونیت سے متعلق عمران خان کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاری میں آج بھی لاشیں گر رہی ہیں، حکمران یہاں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی کو جلسے پر پیشگی مبارکباد دی تھی۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کا کہنا ہے کہ کراچی کا دل بہت بڑا ہے، پی ٹی آئی کو کامیاب جلسے پر پیشگی مبارکباد دی، کراچی پاکستان کا ہے، سب کو ویلکم کرتا ہے، جلسہ کرنا ہر جماعت کا حق ہے، ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام ہے، شہر قائد میں کئی سال سے بدامنی پھیلی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم کراچی کے ایشوز کو جانتی ہے، امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا حکمرانوں کا کام ہے، جلسہ فیصلہ نہیں کرتا، الیکشن کا دن کرتا ہے، جلسہ اب کارنیول اور فیسٹیول بن گیا ہے، لوگ اس میں آتے ہیں اور انجوائے کرتے ہیں۔نبیل گبول کا کہنا ہے کہ گینگ وار کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر پیپلزپارٹی چھوڑی، لیاری میں آج بھی لاشیں گررہی ہیں، پچھلی حکومت بھی پیپلزپارٹی کی تھی، حکمران فیل ہوچکے ہیں، گینگ وار کے خاتمے تک لیاری کے حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔