میرے بارے میں شاہ محمودقریشی نے نامناسب الفاظ استعمال کیے، پھر بھی احترام کرتا ہوں ،جاوید ہاشمی ،میری سوچ الگ اورعمران خان کی سوچ الگ ہے ، شاہ محمودکی کوئی سوچ نہیں ، تحریک انصاف کے مارچ پر ایک ارب روپے کے اخراجات ہو چکے ہیں ، یہ رقم سیلاب زدگان پر خرچ کی جاسکتی تھی ،کسی نے بتایا ہے لندن میں قادری اور عمران ملاقات میں گور نر پنجاب بھی تھے تصدیق نہیں کرسکتا ،میڈیا سے گفتگو

پیر 22 ستمبر 2014 08:31

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف کے صدر جاویدہاشمی نے کہا ہے کہ میرے بارے میں شاہ محمودقریشی نے نامناسب الفاظ استعمال کیے، میری سوچ الگ اورعمران خان کی سوچ الگ ہے ، شاہ محمودکی کوئی سوچ نہیں ،الزامات کے باوجود شاہ محمود قریشی کا احترام کرتا ہوں ، تحریک انصاف کے مارچ پر ایک ارب روپے کے اخراجات ہو چکے ہیں ، یہ رقم سیلاب زدگان پر خرچ کی جاسکتی تھی ،کسی نے بتایا ہے لندن میں قادری اور عمران ملاقات میں گور نر پنجاب بھی تھے تصدیق نہیں کرسکتا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فوج نے جمہوریت کوبچایاہے، شاہ محمودہرپروگرام میں کہتے ہیں کہ وہ ایم این اے ہیں، جب آپ استعفاد ے چکے ہیں توآپ ایم این اے کیسے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی نے بلاوجہ میرے خلاف باتیں کیں، شاہ محمود قریشی کے الزامات کے باوجود ان کا احترام کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی نے مجھے گالیاں دی ہیں، ان کی گالیوں کا جواب گالیوں سے نہیں دے سکتا۔

جاوید ہاشمی نے بتایا کہ لاہور سے اسلام آباد تک جانے میں چار روز کے دوران تحریک انصاف کے مارچ پر 30کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے اب تک ایک ارب روپے کے اخراجات ہوچکے ہوں گے، یہ رقم سیلاب زدگان پر خرچ کی جا سکتی تھی۔انہوں نے کہا کہ جب تک میں اسلام آباد کے دھرنے میں موجود تھا اس وقت تک صرف ڈی جے بٹ کا بل ساڑھے 4 کروڑ روپے ہو چکا تھا۔لندن ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کے سربراہ طاہر القادری کی برطانیہ ملاقات میں موجودہ گورنر پنجاب چوہدری سرور بھی موجود تھے یہ بات مجھے کسی کے ذریعے معلوم ہو ئی تھی اس کی تصدیق نہیں کر رہا۔

جاوید ہاشمی نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف ڈرپوک ہیں،ان میں مجھ سے رابطہ کرنے کی اخلاقی جرات نہیں ہے۔ایک سوا ل کے جواب میں جاوید ہاشمی نے کہاکہ ان سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ شاہ محمود قریشی اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دیں گے۔ایک سوا ل کے جواب میں جاوید ہاشمی نے کہاکہ کپتان اور طاہرا لقادری کی خفیہ ملاقات پاکستان میں بھی ہوئی تھی، اس کو پارٹی کی کور کمیٹی سے بھی چھپایا گیا تھا، عمران خان نے مجھے بتایا تھا کہ میری طاہر القادری سے ملاقات نہیں ہوئی ہے تاہم میرے لندن میں موجود ایک ساتھی نے بتایا کہ یہ ملاقات ہوئی تھی انہوں نے کہاکہ ایک بار جنرل حمید گل نے کہا کہ قریشی ہمارا بچہ ہے۔