آپریشن ضرب عضب جاری، زمینی و فضائی کارروائی میں15دہشتگرد ہلاک، نائب صوبیدار شہید ، کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر حسن کی ہلاکت کی تصدیق

اتوار 21 ستمبر 2014 08:24

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21ستمبر۔2014ء) شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ زمینی اور فضائی کاروائی میں 15 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ائی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں کلیرنس آپریشن جاری ہے۔ بویہ سے 5 کلو میٹر جنوب مشرق میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے دوران جھڑپ ہوئی جس کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا نائب صوبیدار مزمل شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹروں نے غلام خان کے جنوب مشرق گورستائی نالا کے قریب دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 12 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 بارود سے بھری گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق فضائی کاروائی میں دہشتگردوں کے تین ٹھکانے بھی تباہ کر دئیے گئے۔دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان نے آپریشن ضرب عضب کے دوران کمانڈر محمد حسن کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

شاہد اللہ شاہد کے مطابق محمد حسن دو روز قبل بویہ میں ہونیوالی جھڑپ میں مارا گیا تھا۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے کابل سے تعلق رکھنے والے تحریک کے کمانڈر محمد حسن کی دو روز قبل شمالی وزیرستان میں بویا کے مقام پر پاکستانی فوج کیساتھ جھڑپ میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے ۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق کمانڈر حسن کچھ عرصہ قبل افغانستان کی جیل سے رہائی پا کر دوبارہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان میں جہادی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔

تنظیم نے کہاکہ بویا میں پاکستانی فوج پر یہ حملہ مقامی طالبان، محسود مجاہدین اور تحریک طالبان کے اشتراک سے کیا گیا تھا جس میں اس کا دعوی ٰہے کہ سکیورٹی فورسز کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا۔

شاہد اللہ شاہد نے کہاکہ فورسز اور حکومت نے غیروں کی ایماء پر شمالی وزیرستان میں جس آپریشن ضرب عضب کا اعلان کیا تھا وہ مکمل طور پر ناکامی کا شکار ہو چکا ہے انھوں نے 900 ملکی و غیر ملکی شدت پسندوں کی ہلاکت اور ان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کی مکمل تباہی، شمالی وزیرستان کے اکثر علاقے کلیئر کرنے، ملالہ حملے کے ذمہ داروں کی گرفتاری، کراچی سمیت مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز کے ساتھ مقابلے میں تحریک طالبان کے ساتھیوں کی ہلاکت کے بیانات کو مسترد کر دیا۔

کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان کے مطابق تمام سینٹرل کمانڈز مکمل طور پر محفوظ اور فعال ہے اور وہ اہم اہداف کو نہایت کامیابی سے نشانہ بنانے میں مصروف ہیں۔ملالہ حملے کے ذمہ دار وں کے نام پر جن لوگوں کی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے کالعدم تحریک طالبان کا کہنا تھا کہ وہ ان میں سے کسی کو بھی اپنے رکن کی حیثیت سے نہیں جانتی ہے۔شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کا مخالفین نے بھی اعتراف شروع کر دیا ہے اور غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبان ذرائع نے تازہ کارروائی میں ایک کمانڈر محمد حسن کی ہلاکت کا باقاعدہ اعتراف کیا ہے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق طالبان اپنے کمانڈر کی لاش لے جانے میں کامیاب رہے اور ان کی نماز جنازہ میں کالعدم ٹی ٹی پی کے امیر مولانا فضل اللہ نے بھی شرکت کی۔واضح رہے کہ عسکری ذرائع کے مطابق اس آپریشن میں اب تک ایک ہزار سے زائد عسکریت پسند مارے گئے ہیں جبکہ اس کامیاب آپریشن میں نہ صرف پشاور یونیورسٹی کے مغوی وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل کو بازیاب کرایا جا چکا ہے بلکہ ملالہ یوسفزئی پر حملہ کے ملزمان بھی دھر لئے گئے ہیں۔ آپریشن میں کئی بم ساز فیکٹریاں بھی پکڑی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :