چیف جسٹس کے ہاتھ میں انگریزی کتاب کی بجائے قرآن ہونا چاہئے، سراج الحق ،جب تک ایسا نہیں ہوگا ہم سمجھیں گے کہ قائداعظم کاپاکستان ابھی نہیں بنا،خطاب

ہفتہ 20 ستمبر 2014 07:55

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2014ء) بہاول پورایک ضلع یاعلاقہ کانام نہیں بلکہ ایک تاریخ کانام ہے بہاول پورپاکستان کیلئے ایثاراور قربانی کانام ہے پوری قوم کی طرف سے بہاول پورآیاہوں اہل بہاول پور کاپاکستان پربڑا احسان ہے یہ وہ بہاول پور ہے جب پاکستان بن گیا تواس وقت ہندوستان کے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان چنددن بھی نہیں چل سکتا ، نہ توان کے پاس وسائل ہیں نہ بیٹھنے کیلئے کرسی ہے تواس وقت نواب آف بہاول پور سرصادق محمدخان عباسی نے کروڑوں روپے جمع کرکے قائداعظم کے حوالہ کئے اللہ نے موقع دیا توجاگیرداروں سے انگریزوں کی دی ہوئی زمین واپس لیکر غریبوں میں تقسیم کرینگے،پاکستان کے چیف جسٹس کے ہاتھ میں انگریزی کتاب کی بجائے قرآن دیکھناچاہتاہوں اورجب تک ایسا نہیں ہوگا ہم سمجھیں گے کہ قائداعظم کاپاکستان ابھی نہیں بنا۔

(جاری ہے)

68سال گزر گئے ، ہم نے اقتدار میں جرنیلوں کو دیکھا، جاگیرداروں ،سرمایہ داروں کوبھی دیکھا، جمہوریت کو شریعت کے بغیر بھی دیکھا،اگرہمیں اللہ نے اقتدار دیا تو ہم ملک میں اللہ اور اسکے رسول کی حکومت بنائیں گے،قائداعظم نے پہلے دن فرمایا تھا پاکستان کا آئین قرآن اور سنت ہوگا۔ اِن خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بہاولپورمیں ڈرنگ اسٹیڈیم کے ہاکی گراونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف، عمران خان اور طاہرالقادری تینوں فریقوں کو ایک ہفتہ اور دیتے ہیں اور 24ستمبرکواُن سے دوبارہ رابطہ کرینگے، ان کو ایسے حالات میں نہیں چھوڑیں گے کہ خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوجائے ۔نوازشریف، عمران اور قادری ہم فقیروں کی بات مان لیں تو اُن ہی کا فائدہ ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور واقعہ بارے طاہر القادری کو تجویز دی کہ پنجاب کے علاوہ کسی دوسرے صوبے میں عدالت میں کیس چلایاجائے اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنائی جائے اگر واقعہ کی ذمہ داری شہباز شریف کی ثابت ہوگئی تو شہبازشریف حکومت چھوڑ دیں گے اور سزا بھگتیں گے۔

کوئی کرکٹ ،کوئی سیاست کھیلتاہے اور کوئی جمہوریت جمہوریت کی رٹ لگاتاہے۔

پاکستان کوجاگیرداروں نے اپنا کلب بنادیاہے۔باپ، اسکے بعد انکے بیٹے بیٹیاں ،جمہوری جماعت صرف جماعت اسلامی ہے، ہرپانچ سال بعد الیکشن ہوتاہے ، ہرچار سال بعد صوبائی الیکشن ہوتاہے۔سراج الحق نے کہا کہ نوازشریف نے اپوزیشن لیڈرز کوبلایا، ہرپارٹی لیڈر نے انہیں بہترین مشورے دئیے، کسی نے دھرنے کا علاج بتایا تو کسی نے کوئی دوسرا مشورہ دیا، میں نے کہا نوازشریف اللہ سے صلح کرلو، اکثریت کے باوجودآپ کوپریشانی ہورہی ہے تو اس کامطلب ہے اللہ آپ سے ناراض ہے۔

شہباز شریف کہتے ہیں سیلاب کے پانی کے پیچھے دوڑتاہوں، ۔۔۔۔میں وزیراعلیٰ سے بھی کہتاہوں توبہ کرلیں ، جب تک آپ توبہ نہیں کرینگے اُس وقت تک ڈینگی، سیلاب، زلزلے، فرقہ واریت سمیت دیگر عذاب آتے رہیں گے۔میں بھی توبہ کرتاہوں خطا کارہوں، لیکن صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان ، وزرائے اعلیٰ سمیت سب لوگ عملی طورپرتوبہ کرلیں۔امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ بہاولپورایک کردار اور پاکستان کیلئے ایثار اورقربانی کانام ہے، پوری قوم کی طرف سے بہاولپورآیاہوں۔

نواب آف بہاولپورسعودی عرب کو بھی رقم بھیجتے تھے تاکہ وہ حجاج کی خدمت کریں، قیام پاکستان کے وقت بہاولپورکے نواب نے قائداعظم کوکروڑوں روپے ، دفاتر کیلئے جگہ اور مہاجرین کو جگہ فراہم کی۔ 18کروڑ عوام کی طرف سے کہتاہوں کہ بہاولپورکاہم پر قرض ہے اور انشاء اللہ اگر ہمیں موقع ملا تو ہم بہاولپورکے احسانوں کابدلہ چکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام حالت ِ نزع میں ہے، مجھے سندھ اوربلوچستان بھی جانا ہے، 18کروڑ عوام کو بہت بڑے مقصد کیلئے اکٹھا کرناہے۔

میں آپ سے جرگہ ، پنچایت کرناچاہتاہوں ، ماؤں اوربہنوں سے بھی مشورہ کرنے آیاہوں،اگراقتدار ہمارا مقصد ہوتا تو باجوڑمیں مدرسے پر ڈرون حملے میں 83بچوں کی شہادت پر استعفیٰ نہ دیتا۔ قبل ازیں امیرجماعت اسلامی پنجاب و ایم پی اے بہاولپورڈاکٹرسید وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی تار اتنا کرنٹ نہیں مارتی جتنا بجلی کا بل کرنٹ مارتاہے، وزیربل نے کہا ہے کہ میں نے اووربلنگ کا نوٹس لیاہے دیکھ لیں گے اس نوٹس کاکیا بنتاہے ؟ہرمہینے واپڈا اووربلنگ کرتی ہے، بڑے بڑے لوگ بجلی چوری کرتے ہیں اور غریبوں پراسکے بل ڈال دئیے جاتے ہیں،چولستان میں ٹوبھوں میں ،بھینس ، بکریاں، کتے اور یگرجانور بھی پانی پیتے ہیں اور بہن بیٹیاں بھی وہیں سے پانی پیتی ہیں، چولستان کے لوگوں کی پریشانی کومدنظر رکھتے ہوئے چولستان کو علیحدہ ضلع بنایاجائے ۔

مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی سمیت کئی لوگوں نے بہاولپورصوبہ بحالی کی بات کی ، قراردادیں پاس کیں لیکن عملی طورپرکچھ نہیں کیا۔ انشاء اللہ ہم اہل بہاولپورکی خواہش پر بہاولپورصوبہ بحال کرائیں گے ،انہوں نے کہا کہ باربارکمیشن کی رپورٹوں کے باوجود کالاباغ ڈیم کیوں نہیں بنایاجاتا، کالاباغ ڈیم سمیت دیگرڈیم بنائے جائیں۔ڈاکٹرسیدوسیم اخترنے کہا کہ الحمداللہ بہاولپورمیں کارڈیالوجی سنٹر، کڈنی سنٹر اور تھیلسیما یونٹ تکمیل کے مراحل میں اور اہل چند ماہ بعد اہل بہاولپورکوملتان ، لاہور نہیں جانا پڑے گا۔

ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی پاکستان جاوید قصوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء، مزدورکسانوں سمیت تمام طبقے سراج الحق کیساتھ ہیں، اگرظلم کے نظام کوبدلنا ہے تو پوری قوم سراج الحق کیساتھ ہے۔نائب امیرجماعت اسلامی پنجاب عزیرلطیف چوہدری قوم سراج الحق کو مستقبل کے قائد کی صورت سے دیکھ رہی ہے۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب عرفان حیدر نے کہا کہ چند حکمران خاندانوں نے ملک کی جڑوں کوکھوکھلا کردیاہے۔

مرکزی نائب صدر کسان بورڈ پاکستان جام حضوربخش نے کہا کہ کپاس کے موجودہ نرخوں سے پیداواری اخراجات پورے نہیں ہورہے، کپاس کا نرخ کم از کم فی من 5ہزار، گنے کا فی من کم از کم 300روپے کیاجائے۔ چولستان کی زمین ناجائز قابضین سے واگزارکراکر مقامی کاشت کاروں میں تقسیم کی جائے۔ جلسہ سے صدرشباب ملی جنوبی پنجاب رضا قادری،ضلعی امیرجماعت اسلامی بہاولپور ڈاکٹرمحمداشرف، نائب امیرضلع نصراللہ ناصر، امیربہاولپورشہرڈاکٹرخالد اقبال، نائب امیرراؤمنورو دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جلسہ عام میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اہلسنت والجماعت راؤ جاوید اقبال، سینئرنائب صدر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک اعجاز ناظم، سابق ممبرضلع کونسل نصیراحمدناصر ، گروپ لیڈرز جماعت اسلامی ضلع بہاولپور محمداکبرگورایا، وقار الحق شاہ، ملک ابراہیم، اشفاق گل ، ڈاکٹر احسان الحق ، سہیل جبلہ قریشی کے علاوہ شہر کی دیگراہم شخصیات بھی سٹیج پر موجود تھیں۔

جلسہ عام میں کثیر تعداد میں مرد وخواتین نے شرکت کی۔ اِس موقع پر جلسہ کے شرکاء پرجوش انداز میں اللہ اکبر،اسلامی انقلابا اور ”وزیراعظم سراج الحق“ کے نعرے لگاتے رہے۔ تقریر کے آغاز میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے ڈاکٹرسید وسیم اخترکو امیرجماعت اسلامی پنجاب اور امیرجماعت اسلامی صوبہ بہاولپورکہہ کر مخاطب کیا تو لوگوں نے پرجوش انداز میں تالیاں بجاکرانہیں سراہا۔