طاہر القادری کے واحد سچ نے عمران خان کے جھوٹ کا پول کھول دیاہے ،شہبازشریف ، پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچانے والوں کو پاکستانی قوم کبھی معاف نہیں کرے گی،عمران خان اور طاہر القادری کا اصل ہد ف پاک چین معاہدے اور بجلی کے منصوبے تھے، وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 20 ستمبر 2014 07:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ لندن پلان کے ذریعے پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچانے والوں کو پاکستانی قوم کبھی معاف نہیں کرے گی-آج شام اراکین اسمبلی کے ایک وفدکے ساتھ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ الیکشن کے ایک سال بعد نام نہاد دھاندلی کی آڑ میں دھرنے کے وقت کے انتخاب کا فیصلہ محض اتفاق نہیں تھا اور دھرنے کے لئے ایک ساز ش کے تحت اس وقت کا انتخاب کیا گیا جب عظیم ہمسایہ ملک کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے کے تاریخ ساز پیکیج کو حتمی شکل دی جا چکی تھی اور مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ عمران خان اور طاہر القادری کا اصل ہد ف پاک چین معاہدے اور بجلی کے منصوبے تھے- انہوں نے کہا کہ ایک طرف دھرنوں کی وجہ سے یہ معاہدے تاخیر کا شکار ہورہے ہیں اور دوسری طرف چینی صدر بھارت میں 20ارب ڈالر کے معاہدو ں پر دستخط کررہے ہیں -وزیراعلی نے کہاکہ اس صورتحال پر عمران او ران کے ساتھیوں کے کیمپ میں منائے جانے والے جشن پر ہر پاکستانی حیرت اور دکھ کا شکارہے اور وہ یہ سوال کرتاہے کہ کوئی محب وطن پاکستانی ایسی ملک دشمنی کی حرکت کرنے کی کیسے جرات کر سکتاہے ؟-انہوں نے کہاکہ انشاء الله پاکستان کے خلاف کی جانے والی ہر سازش نا کام ہوگی او رالله کے فضل اور اپنے ہمدرد دوست ممالک کے تعاون سے لوڈ شیڈنگ او راندھیروں کے خلاف اسی عزم کے ساتھ اپنے سفر کا بہت جلد دوبارہ آغاز کریں گے - محمد شہبازشریف نے کہاکہ طاہر القادری کے دھرنے کے دوران واحد سچ نے عمران خان کو جھوٹا ثابت کر دیاہے او ران کے جھوٹ کا پول کھول کر رکھ دیاہے کہ وہ لندن میں نہیں ملے تھے -انہوں نے کہاکہ قوم یہ جاننا چاہتی ہے کہ لندن پلان کا اجلاس کس کے ایما پر منعقد ہوا اور اس میں کون کون سے چہرے شامل تھے -انہوں نے کہاکہ تاریخ آج نہیں تو کل پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان پہنچانے والے غداروں کو ضرور بے نقاب کرے گی -