پنجاب ڈوب رہا ہے اور کچھ لوگ سازش کرکے پاکستان کو ڈبونا چاہتے ہیں۔ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ، بلاول بھٹو زرداری، یہ سیاست کا وقت نہیں پاکستان کو ایک بنانے کا وقت ہے،دھرنے وا لے اپنے اختلاف بھول کر کچھ دنوں کیلئے دھرنے ختم کردیں ، پاکستانی ہونے کی خاطر سیلاب متاثرین کی مدد کریں،کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 20 ستمبر 2014 07:41

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب ڈوب رہا ہے اور کچھ لوگ سازش کرکے پاکستان کو ڈبونا چاہتے ہیں۔ مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے یہ بات انہوں نے جمع کی شب ملتان میں سیلاب زدگان متاثرین سے ملاقاتوں کے بعد سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں دھرنے والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اختلاف بھول کر کچھ دنوں کیلئے دھرنے ختم کردیں اور پاکستانی ہونے کی خاطر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے کہاکہ یہ سیاست کا وقت نہیں پاکستان کو ایک بنانے کا وقت ہے۔ ہمارا پنجاب ڈوب رہا ہے۔ اسلام آباد میں دھرنے ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کریں گے 18 اکتوبر کو جو یوم شہداء کارساز کا دن ہے۔

(جاری ہے)

اس سفر کا آغاز ہم نے بے نظیر بھٹو کے دور میں کیا تھا اس سفر کو آگے لے کر بڑھیں گے اور منزل تک پہنچیں گے انہوں نے کہا کہ کراچی سے خیبر تک اور 2013 ء میں کراچی سے خیبر تک جو دھاندلی ہوئی ہے اس کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں اور یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی گیلانی اور ملک عامر ڈوگر کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ یوم شہداء کیلئے جنوبی پنجاب سے قافلے کے کر کراچی پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بہت اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ الله تعالیٰ نے مجھے آج یہاں سیلاب کے مشکل وقت میں اس خطہ کے سیلاب متاثرین سے ملنے کا موقع دیا انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی امداد کریں جس طرح پیپلزپارٹی نے اپنے دور میں کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے نعرے لگائے مرسوں مرسوں پنجاب نہ ڈیسوں ‘ مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں ‘ مرسوں مرسوں خیبرپختونخواہ نہ ڈیسوں ‘ مرسوں مرسوں بلوچستان نہ ڈیسوں ‘ گھنسوں گھنسوں جنوبی پنجاب گھنسوں ‘ گھنسوں گھنسوں جنوبی کشمیر گھنسوں ‘ تقریب کے آخر میں بلاول بھٹو نے بے نظیر بھٹو کے نعرے لگوائے یہ نعرہ تھا چاروں صوبوں کی زنجیر بے نظیر بے نظیر ۔